کینجھرجھیل میں پانی کی سطح کم ،کراچی کوپانی سپلائی متاثرہونے کاخطرہ
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو) کراچی کو پانی فراہم کرنے والی کینجھر جھیل میں پانی کی سطح میں کمی ہوگئی، محکمہ آبپاشی نے ارسا چیئرمین کو خط لکھ کر کراچی میں صورتحال خراب اور حالات کشیدہ ہونے کی نشاندہی کردی۔ جرات کو موصول دستاویز کے مطابق محکمہ آبپاشی نے ارسا چیئرمین کو تحریر کئے گئے خط میں موقف اختیار کیا کہ سندھ کو انڈینٹ کے تحت ایک لاکھ کیوسک پانی فراہم کیا جائے لیکن دریائے سندھ میں صرف 85 ہزار کیوسک پانی اخراج کیا جا رہا ہے، سندھ موجودہ صورتحال میں 50 فیصد کمی برداشت کر رہا ہے جبکہ پنجاب میں پانی کی صرف 19 فیصد کمی ہے، دریائے سندھ میں پانی کی کمی کے باعث کراچی کو پانی فراہم کرنے والی کینجھر جھیل کی سطح تیزی سے نیچے آ رہی ہے پانی کی فراہمی میں کمی برقرار رہی تو کراچی کو کینجھر جھیل سے پانی کی فراہمی زیادہ متاثر ہوگی اور شہر قائد میں حالات خراب، کشیدہ ہوسکتے ہیں۔ محکمہ آبپاشی نے خط میں لکھا ہے کہ دریائے سندھ سے پنجاب کے چشما جہلم لنک کینال اور تونسا پنجند کینال کو پانی فراہمی بند کی جائے کیونکہ جہلم اور چناب دریائوں کے ان دو کینالوں میں صرف سیلاب کی صورتحال میں پانی اخراج کیا جا سکتا ہے اس لئے سندھ کو حصے کے تحت ایک لاکھ کیوسک پانی فراہم کیا جائے اور دریائے سندھ کا پانی جہلم چناب کے سسٹم میں اخراج نہ کیا جائے، خط میں لکھا گیا ہے کہ سندھ بھر میں پانی کی کمی کے باعث فصلوں کی کاشت بہت متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ کاشتکاروں اور آبادکاروں میں غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق دریائے سندھ سے پنجاب کے چشما جہلم لنک کینال میں 9 ہزار 3 سو 18 کیوسک اور تونسا پنجند لنک کینال میں 11 ہزار 8 سو 28 کیوسک پانی اخراج ہو رہا ہے۔