ضمنی انتخابات پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاریاں مکمل ، انٹر نیٹ کی بندش نتائج لوٹنے کا منصوبہ،تحریک انصاف
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کے انعقاد سے قبل ہی عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوروں نے عام انتخابات کے بعد ملک بھر خصوصاًپنجاب میں ضمنی انتخابات پر کھلا ڈاکہ ڈالنے کی تیاریاں کی ہیں ،الیکشن کمیشن ،پنجاب اور وفاق کی غیرمنتخب حکومتوں کے مابین گٹھ جوڑ کی مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضمنی انتخاب سے قبل پنجاب سمیت ملک بھر کے ان اضلاع جن میں الیکشن ہورہا ہے، انٹرنیٹ کی بندش بالکل غیرآئینی، غیرقانونی، شرمناک اور نتائج لوٹنے کا منصوبہ ہے، عام انتخابات کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی انتخابی قوانین و قواعد کی کھل کر دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور تحریک انصاف کو نشان انتقام بنایا جارہا ہے، پنجاب میں حکومتی مشینری ضمنی انتخاب لوٹنے کی شرمناک مہم شروع کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن انتخابی مہم چلانے والے تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف جھوٹے پرچوں کے اندراج کے ساتھ ان کی پکڑ دھکڑ اور ووٹرز کو ہراساں کرنے کا مکروہ سلسلہ بلاروک ٹوک جاری ہے، پنجاب کا سپیکر اور حکومتی وزیر انتخابی ضابط اخلاق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں اور انتظامی و انتخابی افسران ان کے پولنگ ایجنٹوں کا کردار ادا کررہے ہیں، انتخابی سامان کی ترسیل کے عمل کو میڈیا کی نگاہوں سے پوشیدہ رکھ کر جعلی فارم 45 کی تیاری کی مصدقہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں،پنجاب کے حلقوں میں عوام نے انتخابی مہم کے جلسوں میں نکل کر اڈیالہ جیل میں ناحق قید بانی چیئرمین سے اپنے اٹوٹ رشتے اور ان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد ظاہر کردیا ہے، بانی چیئرمین نے اڈیالہ جیل سے اپنی قوم کو ہمت، استقامت اور اپنے ووٹ کی طاقت کے بھرپور استعمال کا پیغام بھیجا ہے، عوام نکلیں اور پہلے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر اپنے ووٹ پر کھلے ڈاکے کی کوششیں ناکام بنا کر ملک میں قانون کی حکمرانی اور بانی چیئرمین سمیت بیگناہ سیاسی قیدیوں کی فی الفور رہائی کی تحریک کے قدم مضبوط بنائیں۔ ترجمان نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی جیت عوام کی اور پاکستان تحریک انصاف ہی کی ہوگی۔