پی ٹی سی ایل پر قابض اماراتی کمپنی نے پنشنرز کو فاقوں پر مجبورکر دیا
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار) پی ٹی سی ایل پر قابض اماراتی کمپنی نے ہزاروں پنشنرز کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا پنشن ٹرسٹ اتصالات کے آگے بے بس ہو گیا سینکڑوں پنشنرز ریاست مدینہ میں بھی انصاف کے منتظر ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ایکٹ 1996 کے تحت پاکستان ٹیلی گراف اینڈ ٹیلی فون ڈپارٹمنٹ، بعد ازاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کو پانچ اداروں میں تقسیم کیا گیا ہے ماسوائے پی ٹی سی ایل کے تمام دیگر اداروں یعنی پی ٹی اے،این ٹی سی،پی ٹی ای ٹی اور ایف اے بی کے ملازمین اور پنشنرز کو تمام حکومتی اعلان کردہ مراعات کی فراہمی جاری ہے . 2010 سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایمپلائز ٹرسٹ نے اپنے قانونی کردار سے انحراف کرتے ہوئے پنشنرز کی پنشن سے کٹوتیاں شروع کر دی ہیں جو تاحال جاری ہیں. اس ضمن میں متعلقہ اربابِ اختیار سے متعدد درخواستوں اور بھرپور احتجاج کے بعد پنشنرز کی جانب سے عدالت سے بھی رجوع کیا گیا ہے جس پر ہائی کورٹس و سپریم کورٹ نے 12 جون 2015 کو پنشنرز کے حق میں واضح اور دوٹوک فیصلہ دیا ہے. حالیہ دنوں بوڑھے، بیمار اور لاچار پنشنرز اپنے قانونی حق کے حصول کے لئے در بدر ہیں، قومی اسمبلی اور سینٹ مجالسِ قائمہ کی سفارشات کے باوجود غیر ملکی کمپنی کے زیرِ اثر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی ہزاروں بیواؤں سمیت ہزاروں پنشنرز کو ان کا جائز حق دینے میں ناکام ہے.یاد رہے کہ نجکاری کے دوران حکومت پاکستان اور اتصالات کے مابین طے پانے والے معاہدے میں تمام ملازمین اور پنشنرز کو ملازمت اور پنشن کے تحفظ کی ضمانت دی گئی تھی اور اس کی ضامن ریاستِ پاکستان ہے۔