صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس سپریم کورٹ بھجوانے کی منظوری دے دی
شیئر کریں
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ ریفرنس تیار ہو گیا۔ اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ ریفرنس تیار ہو گیا، ریفرنس (آج) پیر کو کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ انشاء اللہ اس کیس سے پاکستان کی سیاست میں ضمیر بیچ کر لوٹا بننے کا گھناؤنا کاروبار ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حرام کے پیسے کی سیاست میں اثرو رسوخ میں کمی آئے گی۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس سپریم کورٹ بھجوانے کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر ریفرنس کی منظوری دی جبکہ اس سے قبل وفاقی کابینہ نے صدارتی ریفرنس کا مسودہ منظور کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے صدارتی ریفرنس کے مسودے کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے 14 ارکان قومی اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔ نوٹس کے متن کے مطابق ذرائع ابلاغ پرآپ کی جماعت سے علیحدگی کی اطلاعات زیرِگردش ہیں اور اطلاعات کے مطابق آپ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی سے علیحدہ ہو کر حزب اختلاف کاحصہ بن چکے ہیں، حزب اختلاف کی یہ جماعتیں وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لاچکی ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا کہ آپ نے خود سے منسوب اطلاعات کی تردید کی نہ ہی کوئی وضاحت سامنے آئی، دستور کی دفعہ 63 اے آپ کوجماعتی ہدایات پرعمل کرنے کا پابند بناتا ہے لہٰذا قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کے روبرو پیش ہو کرصفائی پیش کریں اور اظہارِوجوہ کے نوٹس کا جواب دیں۔