میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک موخر

توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک موخر

جرات ڈیسک
منگل, ۲۱ فروری ۲۰۲۳

شیئر کریں

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر فرد جرم کی کارروائی 28 فروری تک موخر کر دی جبکہ حاضری سے استثنیٰ ٰکی درخواست ایک بار پھر منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ منگل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کیس کی ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے سماعت کی۔ عمران خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے۔ وکلا نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، وکیل گوہر علی خان نے عدالت کو بتایا کہ 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہوجائے گا، عمران خان کا مسئلہ تھا اسلام آباد آنے کا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائیگا۔ الیکشن کمیشن وکیل نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا۔ وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر گئے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کا پمز سے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ نہیں لگایا گیا، عمران کا میڈیکل بورڈ کروانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی پمز سے طبی رپورٹ بنا لیتے ہیں،عمران خان کا ایم ایل سی دکھا دیں تاکہ انجری کی نوعیت دیکھ لیں۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو آج بھی ذاتی حیثیت میں عدالت نے طلب کر رکھا تھا۔ ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ دی جارہی ہے۔ وکیل گوہر علی خان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ گئے۔ اسلام آباد کچہری میں پیشی تھوڑی مشکل ہے،کیس غیرسنجیدہ ہے۔ ڈاکٹروں کی ہدایت اور سکیورٹی وجوہات کے باعث عمران خان نہیں آئے۔ عمران خان پر انسدادِ دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں بھی کیسز ہیں۔ جج نے عمران خان کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ ہم مسلسل آپ لوگوں کی مان ہی رہے ہیں، صرف کاپیاں فراہم کرکے فرد جرم عائد کرنی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلا ء کو کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی حاضری اگلی سماعت پر یقینی بنالیں ہم استثنیٰ پر اعتراض نہیں کریں گے۔ 28 فروری کی تاریخ دے دیتے ہیں، ان کی حاضری یقینی بنائیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں