جعلی خبر پر 5سال قیدکا صدارتی آرڈیننس جاری
شیئر کریں
سیاسی جماعتوں ،صحافتی
اداروں کی مخالفت
وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پیکا اور الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو گیا، عدالت جعلی خبر پر 6 ماہ میں فیصلہ سنائے گی ،جعلی خبر دینے والے کی ضمانت نہیں ہوگی،5 سال تک سزا دی جا سکے گی اور پیکا آرڈیننس کے تحت کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا،معاشرے سے فیک نیوز کا خاتمہ ضروری ہے، خاتون اول سے متعلق طلاق کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ فیک نیوز کا قلع مقع کرنے کے لیے قانون بڑا ضرروی ہے، اس لیے اب فیک نیوز پھیلانے والوں کو 3 سال کی جگہ 5 سال سزا ہوگی، یہ جرم قابل ضمانت نہیں ہوگا اور اس میں بغیر وارنٹ گرفتاری ممکن ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پیکا قانون سب کے لیے ہو گا، معروف شخصیات سے متعلق جھوٹی خبروں کے خلاف شکایت کنندہ کوئی عام شہری بھی ہوسکتا ہے، حکومت پہلی بار جرنلسٹس پروٹیکشن بل لائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کے تحت 6 مہینے کے اندر اس کیس کا ٹرائل مکمل کرناہوگا، اگر 6 مہینے کے اندر ٹرائل مکمل نہ ہوا تو ہائی کورٹ متعلقہ جج سے تاخیر سے متعلق سوال کرے گی، اگر جج تسلی بخش جواب نہ دے سکا تو جج کے خلاف قانون کے تحت کاروائی ممکن ہوگی۔وزیر قانون نے کہا کہ پیکا اور الیکشن کا آرڈیننس جاری ہو گیا ہے، پیکا والے قانون کی ڈرافٹنگ میں نے کی ہے جبکہ الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ کا ایکٹ بابر اعوان نے بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا آپ سب سے سوال ہے کہ کیا ہم نہیں چاہتے کہ فیک نیوز نہیں ہونی چاہیے؟ خبر معاشرے کی بنیادوں میں سے ایک ہوتی ہے اور اگر کسی معاشرے کی بنیاد جھوٹ پر رکھی جائے گی تو اس کا کیا بنے گا؟انہوں نے کہا کہ اس قانون سے میڈیا کو کنٹرول کرنے کا ہرگز مقصد نہیں ہے، آپ تنقید کے لیے بالکل آزاد ہیں، لیکن اعتراض صرف یہ ہے کہ فیک نیوز نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیکا میں جو آرڈیننس آیا ہے اس میں سزا 3 سال سے 5 سال تک ہے، اس کا شکایت کنندہ کوئی بھی ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ صحافی ہیں جو فیک نیوز کے ذریعے معاشرے میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ پاکستان کے دوست نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوسی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ڈس انفارمیشن لیب کی مثال ہمارے سامنے ہے جس کے پیچھے بھارت تھا،انہوں نے کہا کہ یہ آرڈیننس بڑا ضروری تھا، وزیراعظم نے مجھ سے، فواد چوہدری سے، اٹارنی جرنل سے اور شیخ رشید سے اس پر مشاورت کی جس کے بعد پیکا کی یہ ترامیم تیار کی ہیں۔پیکا آرڈیننس کے تحت وزیراعظم کے خلاف بھی اپیل کا حق موجود ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پیکا آرڈیننس کے تحت کسی کو بھی کاروائی سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا، یہ سب پر لاگو ہوگا، تنقید کا آئینی حق سب کو حاصل ہے، لیکن جھوٹی خبریں نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حقیقی پاکستانی صحافی جھوٹی خبریں نہیں دیتا، یہ جھوٹی خبریں دینے والے محض وہ لوگ ہیں جن کا کوئی پرسنل ایجنڈا ہوتا ہے یا پھر ایسی خبروں کے ذریعے ہیجان پھیلانے کے پیچھے انڈیا ہوتا ہے، اس سب کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔آرڈیننس کے آرٹیکل 19اور 19اے سے متصادم ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آئین میں شامل کوئی ایک شک ایسی دکھا دیں جو یہ کہتا ہو کہ فیک نیوز پھیلانا آپ کا آئینی حق ہے، آئین کے مطابق ایساحق کسی کو حاصل نہیں ہے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آزادی صحافت کے تحفظ اور آزادی رائے کے فروغ کو یقینی بنانے کے لئے صحافتی تنظیموں آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمینڈ) پر مبنی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016ء میں انتہائی عجلت اور اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے دی گئی تجاویز کو نظرانداز کرتے ہوئے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے تنقیدی اور تعمیری آوازوں کو دبانے کے لئے کی گئی ترامیم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ڈریکونین آرڈیننس سے تعبیر کیا ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایسی کوئی بھی ترامیم، قانون یا آرڈیننس جس میں آزادی اظہار کو دبانے کی کوشش کی جائے گی اس کی ہر فورم پر مخالفت کی جائے گی۔