میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا، تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا، تین روزہ راہداری ریمانڈ منظور

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۱ فروری ۲۰۱۹

شیئر کریں

نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔بدھ کو نیب کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ قومی احتساب بیورو کراچی نے نیب راولپنڈی اور نیب ہیڈ کوارٹرز کے انٹیلی جنس ونگ کی معاونت سے ا سپیکر قومی اسمبلی آغا سر اج درانی کو گرفتار کرلیا ہے ۔

بیان کے مطابق ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو وفاقی دارالحکومت کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیاذرائع کے مطابق نیب کافی عرصے سے آغا سراج درانی کے خلاف تحقیقات کررہا تھا ۔اب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کی بنیاد پر نیب نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں نیب کراچی کے حکام بھی موجود تھے ۔

دوسری جانب نیب حکام نے آغا سراج درانی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔نیب نے عدالت کو بتایا کہ مجاز اتھارٹی نے آغا سراج درانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، ملزم کے خلاف کراچی میں اثاثہ جات ریفرنس زیرِ سماعت ہے۔نیب حکام نے عدالت سے ملزم کے 7 روز کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ اتنے روز کیوں مانگے جارہے ہیں؟ ملزم کو جلد از جلد متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔

نیب نے مؤقف اپنایا کہ موسم کی خرابی کے باعث 7 روز کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے۔اس موقع پر آغا سراج درانی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی بدھ کی شام 7 بجے کراچی واپسی کی فلائٹ تھی جس پر نیب حکام نے عدالت سے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ ملزم کو آج ہی کراچی واپس بھیج دیا جائے۔.
.
عدالت نے نیب کی جانب سے 7 روز کے راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تین روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور ملزم کا طبی معائنے کرانے کا بھی حکم دیا۔احتساب عدالت نے ملزم کو تین روز میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی نے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کہنا ہوگا اب کورٹ میں کہیں گے۔آغا سراج درانی نے کہا کہ مجھے گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ نیب کی طرف سے طلب کیا گیا نہ کوئی اطلاع دی گئی۔نیب نے ایک پروفارما دیا تھا جسے پر کر دیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں