لسبیلہ میں دھماکا رینجرز، پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق
شیئر کریں
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے شہر بیلہ میں ہوئے سلنڈر دھماکے کے 10 زخمی کراچی کے سول اسپتال اور جناح اسپتال میں جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 14 ہو گئی ۔واقعے کے 13 زخمی ابھی بھی سول اسپتال کراچی میں تشویش ناک حالت میں ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں سمیت 10 افراد سول اور جناح اسپتال کے برنس وارڈ زمیں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔قبل ازیں لسبیلہ کے منی بازار میں ہونے والے سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے 26 افراد کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں 8افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ایدھی حکام کے مطابق سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج جاں بحق ہونے والوں میں 23 سالہ محمد اقبال، 27 سالہ برکت علی، 18 سالہ محمد یونس، 34 سالہ ظہور احمد، 35 سالہ حاجی محمد عمر، 45 سالہ غلام سرور، 35 تلسی داس اور 26 سالہ مہیش کمار شامل ہیں۔علاوہ ازیں رینجرز اہلکار 30 سالہ منظور ولد امام بخش اور پاکستان فوج کا جوان 27 سالہ برکت علی ولد محمد امین جناح اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق بلوچستان کے شہر بیلہ میں منی بس اسٹاپ چونگی کے قریب ایک دکان میں گزشتہ روز سلنڈر کے خوفناک دھماکے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 25 افراد شدید جھلس گئے تھے۔جھلسنے والے ان افراد کو ایدھی فائونڈیشن کے عملے اور دیگر ذرائع سے کراچی کے سول اسپتال اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔یہ زخمی زیرِ علاج تھے جن میں سے 10 متاثرین منگل کی صبح علاج کے دوران جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں غسل و کفن کے لیے موسی لائن میں واقع ایدھی مرکز منتقل کر دی گئیں،بعدازاں انہیںبلوچستان کے علاقے لسبیلہ کے لیے روانہ کر دیا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق اس افسوس ناک واقعے کے 13 زخمی ابھی بھی سول اسپتال کے برنس سینٹر میں زیرِ علاج ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق بیلہ میں ہوئے اس دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں اطراف کی 7 دکانیں، 1 ہوٹل، بازار میں کھڑی لگ بھگ 25 موٹر سائیکلیں اور دیگر املاک جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔