میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ گورنمنٹ کورنگی اسپتال رات کو اتائی ڈاکٹر کے حوالے

سندھ گورنمنٹ کورنگی اسپتال رات کو اتائی ڈاکٹر کے حوالے

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ دسمبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

سندھ گورنمنٹ کورنگی اسپتال میں رات کی او پی ڈی ایک اتائی ڈاکٹر کے ہاتھوں چلانے کا انکشاف ہوا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق شام کے سائے پڑتے ہی سندھ گورنمنٹ کورنگی اسپتال میں قانون کی عملداری سو جاتی ہے اور نائٹ ڈیوٹی کے سی ایم او کی سرپرستی میں پورے اسپتال کی او پی ڈی ایک اتائی ڈاکٹر امجد کے حوالے کردی جاتی ہے ۔ حیرت انگیز طور پر مذکورہ اتائی ڈاکٹر اسپتال کا ملازم بھی نہیں۔ مگر اسپتال کے پورے عملے کی ملی بھگت سے اُنہیں اسپتال کے تمام امور چلانے کی اجاز ت مل جاتی ہے۔ واضح رہے کہ سندھ گورنمنٹ اسپتال کی رات کی او پی ڈی ایک محتاط اندازے کے مطابق سات سو سے آٹھ سو مریضوں کی ہوتی ہے۔ جن سے مختلف ادویات کے نسخوں کے نام پر لاکھوں روپے روز کے روز اینٹھے جاتے ہیں۔ اس ضمن میں اتائی ڈاکٹر کی اسپتال کے قریب واقع ایک عوامی میڈیکل اسٹور کے مالک لیاقت نامی شخص سے ملی بھگت ہے جو مخصوص ادویات مریضوں کو فروخت کرکے ہر روز لاکھوں روپے جیب میں ڈال لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ لیاقت صرف اپنا میڈیکل اسٹور ہی نہیں چلاتا بلکہ اسپتال کا وارڈ سرونٹ بھی ہیں،اور اس پورے عرصے میں او پی ڈی میں اتائی ڈاکٹر امجد کے ساتھ دکھائی دیتا ہے۔ اسی طرح صبح کی او پی ڈی میں ڈاکٹر محمد فیاض ، ڈاکٹر زاہد خان اور ڈاکٹر ناصر مرزا مختلف فارماسوٹیکل کمپنیوں کی ادویات کے نمائندے کے طور پر کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ڈاکٹرز ہائی کیو، ہاریژن فارما، میکس فارما اور میک نامی فارما سوٹیکل کمپنیوں سے مکمل ساز بازکے ساتھ مریضوں کو ان کی ادویات ہی تجویز کرتے ہیں۔ مذکورہ کمپنیوں کے نمائندے جن میں موہن سکر، مسرت، احمد اورزوہیب نامی افراد شامل ہیں، صبح کے وقت اسپتال میں ہی موجود رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ صبح کی او پی ڈی میں کارگزار مذکورہ ڈاکٹرز ان فارماسوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے غیر ملکی دورے بھی کرچکے ہیں۔ طبی حلقوں کے مطابق سندھ گورنمنٹ کورنگی اسپتال میں کھلے عام طبی ضابطوں کی خلاف ورزی پر محکمہ صحت نے بھی مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں