مراد علی شاہ ہی 5سال وزیراعلیٰ رہیں گے، پی پی قیادت کو پیغام
شیئر کریں
پیپلز پارٹی قیادت کو طاقتور حلقوں کا پیغام، مراد علی شاہ ہی 5سال وزیراعلیٰ رہیں گے ، پی پی کے دیگر رہنماؤں کی وزیراعلی بننے خواہش خواہش ہی رہ گئی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے قریبی ساتھی مکیش کمار چاؤلہ کو گزشتہ ہفتے سندھ کابینہ میں شامل کر کے ان کا پسندیدہ محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن دیا گیا جس پر پی پی کے کئی رہنماؤں کو حیرت ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ملک کے طاقتور حلقوں کی اعلیٰ شخصیت نے کچھ عرصہ قبل کراچی کا دورہ کیا اور خاموشی سے پیغام دیا کہ وہ سندھ میں کسی بھی سطح پر حکومتی تبدیلی نہیں چاہتے جس کے بعد پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں پی پی کے صوبائی وزراء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں کے دوران پی پی رہنماؤں کو باور کروایا گیا کہ مراد علی شاہ ہی 5سال وزیراعلی سندھ رہیں گے ۔ طاقتور حلقوں اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آشیرباد ملنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ میں تبدیلیاں کی ہیں اور اپنے قریبی ساتھی مکیش کمار چاولہ کو کابینہ میں شامل کر کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سے محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن واپس لے کر وزیر ایکسائز بنا دیا ہے اس طرح مراد علی شاہ نے ایک تیر سے دو شکار کئے ہیں کہ اپنے مخالف وزیر سے اہم محکمہ واپس لے کر اپنی قریبی ساتھی کو دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آدھے سے زیادہ وائن شاپ کے مالک مکیش کمار چاولہ ہیں، مکیش کمار چاولہ اور لال چند اکرانی کو پی پی قیادت کا فنانسر بھی کہا جاتا ہے جس کے باعث لال چند اکرانی کو اقلیتی امور کا محکمہ دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے ایک اہم وزیر اور پی پی کی ایک خاتون رہنما مسلسل کوششوں میں مصروف تھے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو تبدیل کیا جائے جس پر پی پی قیادت نے ان کو دسمبر یا فروری تک سیٹ اپ تبدیل ہونے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن گذشتہ ماہ طاقتور شخصیت اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ کراچی کے بعد صورتحال نے ڈرامائی کروٹ لی ہے۔