اسرائیلی فوج کی مدد کے لیے امریکا نے بکتر بند ایمبولینسز فراہم کر دیں
شیئر کریں
امریکہ کے غزہ میں جاری سفاکیت میں تعاون کرتے ہوئے اسرائیل کے لیے بکتر بند ایمبولینسز بھیجنے کا انتظام کرلیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی طرف سے منظور کردہ فوجی اور مادی امداد کے سلسلے کے ایک حصے کے طور پر فوجی کارروائیوں میں مدد کے لیے بکتر بند ایمبولینسوں کی کھیپ فراہم کی گئی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق بکتر بند ایمبولینسوں کی کھیپ کو غزہ کی پٹی میں اپنی کارروائیوں کے دوران فوج کے ساتھ جانے کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ ان ایمبولینسز میں ایسی اعلی خصوصیات موجود ہیں جو انہیں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے قابل بناتی ہیں۔نومبر کے آغاز میں امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کے لیے 14.3 بلین ڈالر کی امداد مختص کرنے کی درخواست منظور کی تھی۔ یاد رہے 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس جنگ میں 44 دنوں کے دوران 13000 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ 6000 فلسطینی لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خیال ہے وہ بھی شہید ہوچکے ہیں اور ان کی لاشیں بمباری میں ملیامیٹ کی گئی عمارتوں کے ملبے تلے موجود ہیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں اسرائیلی بستیوں اور فوجی اڈوں پر فلسطینی تحریک کے اچانک حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں تقریبا 1200 اسرائیلی مارے گئے تھے۔ شہدا میں 5500 سے زیادہ بچے شامل ہیں۔ 30000 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔