عارف بلڈرز کو بڑا ریلیف ایک درجن سے زائد تحقیقات بند
شیئر کریں
عارف بلڈرز کے خلاف ایک درجن سے زائد تحقیقات بند، اینٹی کرپشن نے عارف بلڈرز کے خلاف کراچی اور حیدرآباد میں تحقیقات شروع کی تھیں، بدنام زمانہ بلڈر کے کرپٹ نیٹ ورک(جس کی تفصیلات بعد میں شائع کی جائیںگی) نے اینٹی کرپشن کی تحقیقات ہی بند کروا دیں، عارف بلڈرز کو رفاہی و سرکاری پلاٹس پر قبضوں ،غیرقانونی تعمیرات سمیت دیگر سنگین الزامات کا سامنا، تفصیلات کے مطابق عارف بلڈرز کے خلاف ایک درجن کے لگ بھگ تحقیقات بند کردی گئی ہیں، اینٹی کرپشن حیدرآباد اور کراچی نے رفاہی و سرکاری پلاٹس پر قبضوں ،غیرقانونی تعمیرات، ڈیولپمنٹ نہ ہونے سمیت منصوبوں میں ہیراپھیری پر عارف بلڈرز کے خلاف وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کرکے متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کیا لیکن بدنام زمانہ بلڈر کے کرپٹ نیٹ ورک نے تحقیقات ہی بند کروا دیں، روزنامہ جرأت کو ملنے والی مصدقہ دستاویزات کے مطابق عارف بلڈرز کے خلاف اینٹی کرپشن میں الاٹیز کی سینکڑوں درخواستیں موجود ہیں لیکن اینٹی کرپشن عارف بلڈرز کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے، ذرائع کے مطابق حیدرآباد بائے پاس میں عارف بلڈرز نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کرکے اپنی اسکیم میں شامل کرلیا ہے۔ تاہم ریونیو سمیت متعلقہ محکمے عارف بلڈرز کے آگے بے بس نظر آتے ہیں، ذرائع کے مطابق عارف بلڈر اینٹی کرپشن سمیت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں افسران کے تبادلے کرواکے اپنے مرضی کے افسران تعینات کراتا ہے تاکہ اس کے غیرقانونی دھندوں کو تحفظ حاصل ہو، عارف بلڈرز نے قاسم آباد میں بسم اللہ ٹاور ایکسٹینشن کے مختلف بلاکس کی پارکنگ کی زمین پر بھی فلیٹ بنا کر بیچ دیے جن کی تفصیلات آئندہ شامل اشاعت کی جائیں گی۔