سندھ کی خطرناک ڈاکوئوں کی کراچی کے پوش علاقوں میں سکونت کا انکشاف ،اسٹیٹ ایجنٹوں سے ریکارڈ طلب
شیئر کریں
(رپورٹ: مظفر حسین عسکری) اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے خطرناک ڈاکوئوں نے کراچی کے پوش علاقوں میں سکونت اختیار کرلی، اسٹیٹ ایجنٹوں سے ریکارڈ طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ حساس ادارے نے آئی جی سندھ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، کشمور، خیرپور اور کچے کے علاقے شامل ہیں۔ مذکورہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں خطرناک ڈاکو جن کے سروں کی لاکھوں روپے قیمت مقرر ہے گرفتاری کے خوف سے اپنی فیملی کے ساتھ شہر کے پوش علاقوں جن میں ڈیفنس، کلفٹن اور گلشن اقبال کے نام قابل ذکر ہیں سکونیت اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈاکوئوں نے اپنا حلیہ اور بھیس بدل کر کرائے پر گھر حاصل کیے ہیں اور انہوں نے اپنے آپ کو سندھ کے وڈیرے ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکوئوں کو کراچی میں اپنے سرپرستوں کی حمایت حاصل ہے، جو ان سے ملنے کیلئے ان کے گھروں میں آتے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکوئوں کی پوش علاقوں میں موجودگی کے انکشاف کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے ہیں اور انہوں نے ابتدائی طورپر ڈیفنس، کلفٹن اور گلشن اقبال میں کام کرنے والے اسٹیٹ ایجنٹوں سے علاقے میں نئے آنے والے افراد سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا ہے تاکہ کراچی میں سکونت اختیار کرنے والے ڈاکوئوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔