4 ماہ میں 92 ارب 76کروڑ روپے کے موبائل فونز درآمد
شیئر کریں
رواں مالی سال کے 4 ماہ میں 92 ارب 76کروڑ روپے کے اسمارٹ موبائل فونز درآمد کئے گئے جبکہ گاڑیوں، دودھ، مکھن اور چائے کی درآمد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 21-2020 کے پہلے 4 ماہ میں اسمارٹ فونز کی درآمد میں 43 فیصد اضافہ ہوگیا اور مجموعی طور پر 92 ارب 76 کروڑ روپے مالیت کے موبائل درآمد کئے گئے ، گزشتہ سال اسی مدت میں 60 ارب کے فونز منگوائے گئے تھے ، کاروں کی درآمد بھی 185 فیصد تک بڑھی، 4 ماہ میں گاڑیوں کی درآمد پر 60 ارب روپے خرچ کئے گئے ۔کھانے پینے کی درآمدی اشیا ء پر 378 ارب روپے خرچ ہوئے جو گزشتہ سال سے 43 فیصد زیادہ ہے ، 16 ارب 60 کروڑ کی چینی، 31 ارب کی چائے ، 30 ارب کی دالیں جبکہ 110 ارب روپے کا پام آئل بھی منگوایا گیا۔پاکستان میں 35 ارب کی گندم، 10 ارب کے مصالحہ جات بھی درآمد کئے گئے جبکہ خام کپاس سمیت 157 ارب روپے کا ٹیکسٹائل کا سامان، لوہا، اسٹیل اور ٹائر بھی درآمد ہوئے ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر سب سے زیادہ 525 ارب خرچ کئے گئے ، جولائی تا اکتوبر مجموعی درآمدات 0.38 فیصد کمی سے 15 ارب ڈالر رہیں۔