کراچی ، ہوٹلوں میں مردہ مرغیوں کے گوشت کی سپلائی ،لرزہ خیز انکشاف
شیئر کریں
گلبرگ پولیس کی موسی کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب کارروائی،2ملزمان گرفتار،80کلوگوشت برآمد
ملزمان انور عرف علی بنگالی اور کمال مختلف فاسٹ فوڈ سینٹرز، بریانی ہاؤسز اور ہوٹلوں کو فروخت کرتے تھے
(رپورٹ: افتخار چوہدری)کراچی میں مردار گوشت فراہمی کا لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے جس نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ مردار گوشت فراہمی کے نیٹ ورک کے خلاف گلبرگ پولیس نے موسیٰ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان انور عرف علی بنگالی اور کمال کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ایک گودام میں مردہ مرغیوں کا گوشت ذخیرہ کیا جا رہا تھا جس پر چھاپہ مارا گیا۔کارروائی ریلوے پھاٹک کے قریب فیڈرل بی ایریا موسیٰ کالونی میں کی گئی جہاں سے 80 کلو ناقص گوشت برآمد ہوا۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف فاسٹ فوڈ سینٹرز، بریانی ہاؤسز اور ہوٹلوں کو فروخت کرتے تھے۔پولیس نے فوری طور پر سندھ فوڈ کنٹرول اتھارٹی کو اطلاع دی جس کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ گودام سے بڑی تعداد میں ثابت مردہ مرغیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ یہ بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ مردار گوشت کی فروخت کب سے جاری تھی اور اس میں مزید کون لوگ شامل ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو سخت سزا دی جائے تاکہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جا سکے۔


