میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرجاری نہ کرنے پرسینیٹ میں ہنگامہ، چیئرمین کا گھیرائو

اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرجاری نہ کرنے پرسینیٹ میں ہنگامہ، چیئرمین کا گھیرائو

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ اکتوبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

اپوزیشن جماعتوں نے سینیٹر اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کیخلاف چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا گھیرائو کرلیا، بے حس چیئرمین امپورٹڈ حکومت نامنظور کی نعرہ بازی اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کو پیٹ دیا گیا، اپوزیشن کی شدید ہنگامہ آرائی کے دوران حراستی تشدد اور حراستی موت کے ذمہ داران کی سزا، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ایکٹ، بین الریاستی تجارتی لین دین اور مجموعہ ضابطہ فوجداری میں ترامیم کے چاروں بلز منظور کرلیے گئے، پی ٹی آئی کے ارکان وزراء کے سامنے پہنچ گئے جس پر وزراء نے ہیڈ فون پہن کر بلز پیش کیے ۔ چیئرمین سینیٹ نے بھی ہیڈ فون پہن لیا ،بلز پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے پھاڑ کروزیر مملکت قانون کی طرف پھینک دئیے جبکہ ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر چیئرمین سینیٹ کی طرف اچھال دی گئیں۔ بعض ارکان نے احتجاج کے دوران کوٹ بھی اتار لئے اورفضاء میں اچھالتے رہے، ریلی کی صورت میں بھی احتجاج کیا گیا، کارروائی 20منٹ چل سکی۔ جمعرات کی شام سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں چار بجے شروع ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے سینیٹر اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر احتجاج کیا۔ مسلم لیگ ق ، بلوچستان عوامی پارٹی ، جماعت اسلامی اور آزاد ارکان نے بھی احتجاج میں ساتھ دیا، اس دوران چیئرمین سینیٹ نے وقفہ سوالات شروع کرنے کی کوشش کی تاہم ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کررہا تھا، تحریک انصاف کے ارکان نے تمام پارلیمانی بزنس کی دستاویزات پھاڑ کر چیئرمین سینیٹ کی ڈائس پر پھینک دیں جس پر وقفہ سوالات کو موخر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے فلور وزیر مملکت قانون شہادت اعوان کو بلز پیش کرنے کیلئے دیدیا، اپوزیشن نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا، سینیٹر فیصل جاوید ، سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نعرے لگانے میں پیش پیش تھے۔ انہوں نے بے حس چیئرمین پروڈکشن آرڈر جاری کرو، امپورٹڈ حکومت نامنظور کے بھی نعرے لگائے، چیئرمین انہیں نشستوں پر جانے کی ہدایت کرتے رہے جس پر پی ٹی آئی کے ارکان نے چیئرمین سینیٹ کا ڈائس پیٹنا شروع کردیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران پہلے مرحلے میں مجموعہ ضابطہ فوجداری میں ترمیم کا بل منظور کرلیا گیا، وزیر مملکت قانون نے تشدد اور زیر حراست موت کی سزا کا قانون وضع کرنے کا بل پیش کیا اسے بھی اپوزیشن ہنگامہ آرائی کے دوران منظور کرلیا گیا۔ وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کیا، پی ٹی آئی کے ارکان کے نعروں کے دوران یہ بل بھی منظور کرلیا گیا جبکہ بعض پی ٹی آئی ارکان نے بل پھاڑ کر وزراء کی طرف پھینک دئیے۔ وزیر مملکت قانون و انصاف نے اضافی ایجنڈے کے تحت بین الحکومتی تجارتی فریم ورک کا بل پیش کیا بل کے تحت کاروباری مقاصد کیلئے کسی بھی ملک کو اپنے ملک میں کوئی جگہ پٹے پر بھی دی جاسکے گی۔بل منظور کرلیا گیا پی ٹی آئی کے ارکان نے ریلی کی صورت میں احتجاج کیا۔ 20منٹ تک کارروائی کا سلسلہ جاری رہ سکا۔ چیئرمین سینیٹ نے اجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا جس پر پی ٹی آئی ارکان نے ایک پھر شیم شیم بھاگ بھاگ گئے کے نعرے لگائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں