پی ٹی آئی کاصدرعلوی کے ذریعے حکومت سے بیک ڈورمذاکرات کااعتراف
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے اعتراف کیا ہے کہ صدر عارف علوی حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات میں مصروف ہیں۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ایک انٹرویو کے دوران دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کی نوعیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عام انتخابات کے حوالے سے حکومت سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور یہ مذاکرات صدر عارف علوی کر رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر حکومت قبل از وقت انتخابات کرانے پر راضی ہوتی ہے تو پی ٹی آئی باضابطہ بات چیت کے لیے تیار ہے، اگر وہ اس پر آمادہ ہیں تو ہم ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ آڈیو لیک معاملہ،اس سے بڑا قومی سلامتی کا خطرہ تاریخ میں نہیں ہوا،آزادی مارچ کیلئے تاثر دیا جا رہا ہے جتھے آ رہے ہیں، خون خرابہ ہوگا ، ہماری جماعت کے احتجاج کا طریقہ کار پرتشدد نہیں،مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کے انتخابات کے بارے میں بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میرے خیال میں حکمران جماعت کے رہنما اس معاملے میں ایک پیج پر نہیں ہیں، احسن اقبال کہہ رہے ہیں کہ الیکشن 6 سے 8 ماہ میں ہوں گے جبکہ رانا ثنا اللہ کچھ اور کہہ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اکتوبر میں ہی ہوگا۔یاد رہے کہ فواد چوہدری کا یہ بیان ان کی پارٹی کے سربراہ عمران خان کے اس دعوے کے برعکس ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ اکتوبر سے آگے ملتوی نہیں کیا جائے گا۔