کراچی ریفرنڈم ‘ جاری کردہ بیلٹ کی تعداد 95لاکھ تک پہنچ گئی
شیئر کریں
’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کے سلسلے میں شہر بھر میں جاری ’’کراچی ریفرنڈم ‘‘ جاری کردہ بیلٹ کی تعداد 9.5ملین (95لاکھ ) تک پہنچ گئی ہے ۔ جبکہ پہلے مرحلے میں 6.9ملین بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے تھے ،شہر بھر میں موبائل ریفرنڈم کیمپوں سمیت 300سے زائد کیمپوں پر ووٹنگ کا عمل 21اکتوبر تک جاری ر ہے گا۔ آن لائین ووٹنگ بھی جاری ہے ، توقع ہے کہ رائے دہندگان کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ 22اکتوبر کو ادارہ نور حق میں قائم مرکزی ریفرنڈم کیمپ میں شہر بھر سے تمام بیلٹ باکس لائے جائیں گے ۔ گنتی کا عمل مکمل کیا جائے گا جس کے بعد نتائج اور حقوق کراچی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔ کراچی ریفرنڈم حکمرانوں پر بڑے دبائو کا باعث بنے گا اور کراچی کو اس کا حق دینا پڑے گا ۔ عوام کی غیر معمولی شرکت اور پذیرائی پر اہل کراچی سے اظہار تشکرکرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پیر کے روز ادارہ نور حق میں قائم مرکزی ریفرنڈم کیمپ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، ریفرنڈم کمیشن کے سیکریٹری قمر عثمان ، کمشنر ناظم ایف حاجی ، ممبران جاوید بلوانی ، نعیم قریشی ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر توصیف احمد خان اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کراچی کے گھمبیر مسائل کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے ، قومی زبان اردو کے حوالے سے توہین آمیز خیالات کا اظہار کرنے اور لسانیت کو ہوا دینے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ توقع تھی کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اپنے اختتامی خطاب میں یا بعد میں اس حوالے سے وضاحت کریں گے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم نے اے پی سی کے 26نکاتی اعلامیے میں بھی کراچی کا ذکر تک نہیں کیا تھا ، اس سے واضح ہو تا ہے کہ کراچی کے مسائل اور عوام کی حالت ِ زار اُن کے ایجنڈے اور ترجیحات میں شامل نہیںہے۔