میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
انصاف کا خون ہورہا ہے، نواز شریف۔ جو عدالتیں ہمارا احتساب کررہی ہیں انکا بھی احتساب ہوگا، مریم نواز

انصاف کا خون ہورہا ہے، نواز شریف۔ جو عدالتیں ہمارا احتساب کررہی ہیں انکا بھی احتساب ہوگا، مریم نواز

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۰ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

لندن/ اسلام آباد (بیورو رپورٹ/ نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا خون ہورہا ہے، تاہم ملک جا کر تمام مقدمات کا سامنا کروں گا اور امید ہے میرے ساتھ انصاف کیا جائے گا، لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انصاف کا خون ہورہا ہے، غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کرنے کی کوئی نظیر نہیں ملتی، تاہم پاکستان جا کر تمام مقدمات کا سامنا کروں گا، امید ہے میرے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کیسے بنی سب جانتے ہیں، من پسند جے آئی ٹی بنا کر فیصلے لیے گئے جس میں چن چن کر مخالفین کو رکن بنایا گیا اور جے آئی ٹی نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا جبکہ پاناما میں کچھ نہیں ملا تو اقامہ سامنے آگیا حالانکہ اقاما تو ہر تیسرے پاکستانی کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنا تھا تو کک بیک یا کمیشن پر کرتے میں شرمسار ہوکر گھر چلا جاتا۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارایسا ہو رہا کہ سسلیئن مافیا عدالتوں میں پیش ہورہاہے، جبکہ جوعدالتیں ہمارا احتساب کررہی ہیں ان کا بھی احتساب ہوگا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسا انصاف ہے جس میں سزا پہلے سنائی گئی اور ٹرائل بعد میں ہورہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ انصاف کا تماشا نہ بنائیں، اگر کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنا دیں، عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ ایک فیملی کے ٹرائل اور انصاف کا تماشا نہ بنایا جائے ٗاگر کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں ٗ ہم آئین، قانون اور عدالتوں کے احترام میں یہاں آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بڑے بڑے ڈبوں والے ثبوت کہاں چلے گئے ٗیہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں فیصلہ پہلے ہوگیا اور مقدمہ بعد میں چل رہا ہے، ہم کھلے دل، صبر اور حوصلے کے ساتھ ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں لیکن جن لوگوں نے احتساب کو انتقام بنایا تو ایک دن ان کا بھی احتساب ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ پارٹی میں پالیسی اب بھی نوازشریف کی چل رہی ہے ٗپارٹی متحد ہے اور پارٹی کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ خاندان میں کوئی اختلاف نہیں، البتہ اختلاف رائے ضرور ہوسکتا ہے، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف کو سیاسی میدان میں شکت نہیں دے سکتے تو وہ کبھی امپائر کی انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں اور کبھی خاندانی اختلاف کے، لیکن وہ ناکام ہی رہیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں