میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران دوسرے اصغر خان بنیں گے، شریف خاندان پر فرد جرم عائد ہونے سے جمہوریت کو خطرہ نہیں، بلاول

عمران دوسرے اصغر خان بنیں گے، شریف خاندان پر فرد جرم عائد ہونے سے جمہوریت کو خطرہ نہیں، بلاول

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۰ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

ٹنڈومحمد خان(نامہ نگار) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پرویز مشرف کے ساتھ مل کر جمہوریت کے خلاف سازش کی تھی ان کا مستقبل وزیراعظم نہیں بلکہ اصغرخان جیسا ہوگا۔ٹنڈو محمد خان میں دیوالی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پائیدار جمہوریت کے لیے احتساب نہایت ضروری ہے، نوازشریف و دیگر پر فرد جرم عائد ہونے سے جمہوریت کمزور نہیں ہوگی اور نا ہی یہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہے۔ نوازشریف اور ان کے خاندان کے افراد کو چاہئے کہ خود پر لگے الزامات کا جواب دیں اور عدالتوں کا سامنا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے وزیراعظم بننے کے لیے آئین میں ترمیم کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی، جو قومی اسمبلی کا رکن بن سکتا ہے وہ وزیراعظم بھی بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہارجمعرات کو ٹنڈومحمد خان میں 53 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈیو کیئر ہسپتال کے افتتاح اور ہندو برادری کی دیوالی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت بھٹو خاندان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر بھی غریب عوام اور جمہوریت کی جدوجہد کی، سندھ حکومت کی کامیابی عوام کی کامیابی ہے ، سندھ میں میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیںگے، پیپلزپارٹی جب جب اقتدار میں آئی عوام کو روزگار دیا،انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا، احتساب عدالت کی جانب سے مریم نواز اور ان کے شوہر پر فرد جرم عائد ہونا جمہوریت کے لیے خطرہ نہیں، اس ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہئے، تاکہ عوام کو پتا چلے کہ ملک کی دولت کو کس نے لوٹا اور بیرون ملک منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خواتین کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا، بلکہ خیبرپختونخوا میں خواتین بل پیش کر کے خواتین کے حقوق پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی گئی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان میں ایم این اے سید نوید قمر کی کاوشوں سے تعمیر ہونے والا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کارڈیو ہسپتال ضلع ٹنڈو محمد خان سمیت گردو نواح کے اضلاع بدین، مٹیاری،سجاول و دیگر علاقوں کی عوام کو علاج کی سہولتیں فراہم کرے گا، جلد ٹنڈو محمد خان میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے جدید فلٹر پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آ سکے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ٹنڈو محمد خان آمد کے موقعے پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے جانے کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری کی تمام گزرگاہوں پر واقع دکانوں کو صبح سے ہی بند کروا دیا گیا تھا۔ اس موقعے پر ان کے ہمراہ ایم این اے سید نوید قمر، وزیر اعلیٰ کے سابق مشیر سید قاسم نوید قمر، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، سینیٹر عاجز دھامرا، ایم پی اے عبدالکریم سومرو، سینیئر سیاستدان سید قبول محمد شاہ، حاجی امین لاکھو، ڈسٹرکٹ چیئرمین سید ذیشان شاہ، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین شیر امین لاکھو، میونسپل چیئرمین سید شاہنواز شاہ دیگر بھی موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں