ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ہندو برادری نے دیوالی منائی
شیئر کریں
کراچی / اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ہندو برادری نے جمعرات کو دیوالی کا تہوار اپنے عقیدے کے مطابق جوش و خروش سے منایا، دیوالی کے لیے شہر کے مختلف مندروں، گھروں اور ہوٹلوں میں تقریبات منعقد ہوئی، ہندو برادری کے افراد نے دیوالی کی کے لیے گھروں کی تزئین و آرائش کی نئے کپڑے زیب تن کیے، مندروں اور گھروں میں دیوالی کے موقع پر مختلف شکلوں کے چراغ جلائے ، جبکہ دیے گھروں کے اندر اور باہر رکھے اور، خوشحالی اور دولت کی دیوی لکشمی کی پوجا کی گی، پٹاخے داغے گئے۔ بعدازاں اجتماعی دعوتوں کا اہتمام کیا گیا دوستوں، رشتے داروں میں تحائف تقسیم کیے گئے، یہ تہوار ہندو عقیدے کے مطابق اندھیرے پر روشنی، نادانی پر عقل، برائی پر اچھائی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے، اس تہوار کی تیاریاں نو روز قبل شروع ہوچکی ہیں اور دیگر رسومات پانچ دن تک جاری رہیں گی، ا یہ تہوار شمسی، قمری ہندو تقویم کے مہینے کانک میں منایا جاتا ہے، ہندو وقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں منایا جاتا ہے اس جمن میں سب سے بڑی تقریب سوامی نارائن مندر میں منعقد ہوئی، دیوالی کی تقریبات پانچ روز تک جاری رہے گی۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بین المذاہب اور بین العقیدہ ہم آہنگی کے فروغ کی اشد ضرورت ہے ٗ حکومت اقلیتوں کی بہبود اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔جمعرات کو دیوالی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیرا عظم نے دیوالی کے تہوار پر ملک وبیرون ملک ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائیں ظاہر کیں کہ رنگوں اور روشنیوں کا یہ تہوار اس دن کو منانے والوں کی زندگیوں میں امن او خوشیاں لائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے ۔ اس ضمن میں ہماری کاوشیں ہمارے نبی پاک حضرت محمدؐ کے سنہری اصولوں اور ہمارے قائد اور ہمارے آئین کے وژن کے تابع ہیں۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے ہندوو برادری کو دیوالی اور نئے سال کی مبارکباد پیش کی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہندو وں کی مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر سندھ محمد زبیر نے ہندوو برادری کو دیوالی اور نئے سال کی مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ صوبہ کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،تعلیم ، صحت اور کاروبار کے شعبوں میں ھندو کمیونٹی نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں،نامورہندو طبی ماہرین، اساتذہ اور تاجروں نے صوبہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیں اخوت، رواداری، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تعلیم دیتا ہے۔