آل پارٹیز کانفرنس آج ،متحدہ الائنس کی تشکیل کا امکان
شیئر کریں
اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا مقام ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے، کانفرنس میں متحدہ الائنس کی تشکیل کا امکان ہے، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔تفصیلات کے مطابق لندن میں حسین نواز نے تصدیق کر دی ہے کہ میاں نواز شریف اے پی سی سے خطاب کریں گے، انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی آواز کروڑوں چاہنے والوں تک پہنچنے سے روکنا نا ممکن ہے، نواز شریف کے خطاب کا سن کر حکمرانوں کی صفوں میں پریشانی نظر آ رہی ہے۔ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خطاب کو سوشل میڈیا پر بھی نشر کرنے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں، ان کا خطاب فیس بک، ٹویٹر اور انسٹاگرام پر براہ راست نشر ہوگا، معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے دفتر سے ورچوئل خطاب کریں گے، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن برطانیہ کا سوشل میڈیا سیل متحرک ہو گیا ہے۔ادھر پیپلز پارٹی کے ذرایع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا مقام ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے، اب اے پی سی اسلام آباد میں آغا خان روڈ پر واقع ہوٹل میں ہوگی، شرکا کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مقام تبدیل کیا گیا ہے۔لاہور میں ذرایع کا کہنا ہے کہ اے پی سی میں متحد ہ اپوزیشن کی تجویز پیش کیے جانے کا امکان ہے، امکان ہے کہ اپوزیشن الائنس میں تبدیل ہو جائے۔ذرایع کے مطابق نواز شریف ایک سال بعد کسی سیاسی سرگرمی میں شریک ہوں گے، نواز شریف کی آمادگی کے بعد آصف زرداری نے بھی شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے، اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ان کو اب مشترکہ اور مؤثر جدوجہد کے لیے حکومت مخالف اتحاد تشکیل دینا چاہیے۔