بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات سے ٹکرائو کا خدشہ، ہم تیار ہیں،نیول چیف
شیئر کریں
امیر البحر ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی انضمام کے حالیہ واقعے اور وادی میں بھارتی مسلح افواج کی جانب سے ظلم و بربریت اور سفاکیت کے باعث ٹکرائو کا خدشہ ہے جبکہ بھارتی اقدامات سے ہمارے خطے کا سیاسی و جغرافیائی ماحول بگڑ رہا ہے ۔ موجودہ ماحول کے پیش نظر مستقبل قریب میں ہماری قومی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا سامنا رہنے کے امکانات ہیں۔ پاک بحریہ حکومتی پالیسیوں اور دیگر افواج کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر طرح سے تیار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاک بحریہ کی جنگی مشق شمشیرِ بحرVIIاور لاجسٹک مشق ترسیل بحر II کے اختتامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔تقریب میں آمد پرڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(آپریشنز) اور مشق کے انتظامی افسر ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مہمان خصوصی امیرالبحر ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ مشق کا جائزہ پیش کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مشقوں کے مقاصد ، مشقوں کے دوران بروئے کار لائے گئے طریقہ کار اورپاک بحریہ کی حکمت عملی کے مختلف پہلوئوں سے متعلق سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بھارتی قیادت آر ایس ایس ہندواتوا نظریات کی پیداوار ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بنیاد پرستی پر مبنی ظلم و بربریت کی پالیسیوں کا نفاذ چاہتی ہے ۔ ہم پر لازم ہے کہ ہم امن اور جنگ دونوں صورتوں میں پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع اور سمندری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مکمل تیاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال کا بھرپور مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے جنگی مشقوں کے انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشنل منصوبوں، ترقیاتی اور جنگی حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیش کی جانے والی سفارشات کو سراہا۔اجلاس میں تینوںمسلح افواج اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔