پاک آرمی سری لنکن ٹیم کی سیکیورٹی کی براہ راست نگرانی کرے گی
شیئر کریں
سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں پاکستان آرمی براہ راست سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرے گی۔سری لنکا انٹیلی جنس کے سربراہ میجر جنرل (ر)کولا تھنگے نے کہا ہے کہ ٹیم پر پاکستان میں حملے کا کوئی خطرہ نہیں ہے ، پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر کو بھی سری لنکا میں کسی ممکنہ حملے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔سری لنکا کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ پاکستان آرمی تمام انتظامات کرے گی۔ وزارت دفاع نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے ، حکومت پاکستان نے سری لنکن حکومت کو خط لکھ کر ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی ہے جس سے سری لنکا کے د ورہ پاکستان پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ہیں۔لاہور میں سیریز کیلئے قومی ٹیم کے 4 روزہ تربیتی کیمپ کا بھی آغاز ہو گیا ہے ۔ کیمپ میں کپتان سرفراز احمد بھی شریک ہوگئے ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20سیریز 27ستمبر سے 9اکتوبر تک شیڈول ہے ۔ جمعرات کوسری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے ، میں خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے ۔