وزیراعظم کا نیویارک کے مہنگے ترین ہوٹل میں قیام، ایک رات کا کرایہ 30ہزار ڈالر
شیئر کریں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نیویارک کے سب سے بڑے اور مہنگے ہوٹل فور سیزن میں قیام جس کا ایک رات کا کرایہ 30ہزار ڈالر بتایا جاتا ہے، جبکہ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ اقوام متحدہ کے لیے مہنگی اور لگژری لیموزین کاریں بھی بڑی تعداد میں حاصل کی گئی ہیں، جو فور سیزن اور روز ویلٹ کے سامنے 24گھنٹے باوردی ڈرائیوروں سمیت ہمہ وقت موجود ہوںگی، اس کے علاوہ سابق امریکا وزیر خارجہ ہنری کسنجر سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے، ہنری کسنجر مختصر سی ملاقات کے لیے بھی ہزاروں ڈالر فیس لیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اقوام متحدہ کے 72ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیںجہاں ان کا قیام نیویارک کے سب سے بڑے اور مہنگے ہوٹل فورسیزن میں ہوگاجس میں ایک رات کے قیام کا کرایہ30ہزار ڈالر بتایا جاتا ہے، اس سلسلے میں جب ہوٹل کے استقبالیہ سے صدارتی سویٹ کے کرائے بارے پوچھا گیا تو بتایا گیا کہ وی آئی پی صدارتی سویٹ جس میں پاکستانی وزیراعظم قیام پذیر ہیں دستیاب نہیں، تاہم 22ستمبر کے بعد 20ہزار ڈالر یومیہ والے نسبتاً چھوٹے سویٹ دستیاب ہوسکتے ہیں۔فورسیزن ہوٹل میں عر ب شیوخ اور رئیسوں کا قیام ہوتا ہے، پاکستانی وفد کے لیے صدارتی سویٹ کے علاوہ دیگر لگژری سویٹس بھی حاصل کیے گئے ہیں جن کی تعدادایک درجن سے زائد ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ اقوام متحدہ کے لیے مہنگی اور لگژری لیموزین کاریں اور ایس یو وی بھی بڑی تعداد میں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں، جو فور سیزن اور روز ویلٹ کے سامنے ہمہ وقت باوردی ڈرائیوروں سمیت موجود ہوں گی، ان میں ایک ایسی لیموزین کی مبینہ طور پر موجودگی کا امکان ہے جس پر QNIKALAکی نمبر پلیٹ لگی ہوئی ہے، سیکورٹی حکام اس خصوصی گاڑی پر کڑی نظر لگائے ہوئے ہیں۔اس سے قبل وزیراعظم ایک خصوصی جیٹ طیارے میں لندن سے نیویارک پہنچے جو21ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے ۔دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں امریکا کے سابق وزیرخارجہ اور معروف عالمی مدبر ہنری کسنجر سے بھی ملاقات کریں گے، تاہم ملاقات کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا،ہنری کسنجر جو ذوالفقار علی بھٹو کو عبرتناک سزا کی دھمکی کے لیے مشہور ہیں ایک مختصر ملاقات کے لیے ہزاروں ڈالر کی فیس لیتے ہیں،اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی ان سے ملاقات کے لیے 10ہزار ڈالر کی ادائیگی کی تھی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ موجودہ وزیراعظم کی ملاقات کے لیے پاکستان نے اس سے کہیں زیادہ ادائیگی کی ہو،94سالہ کسنجر نیویارک میں موجود ہیں اور 1973ء سے1977ء تک امریکی وزیر خارجہ کے طور پر کام کیا۔