عمران خان منشیات کا عادی، خواتین کا استحصال کررہا ہے، عائشہ گلالئی
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے ڈی سیٹ کر نے کے لیے ریفرنس پر اپنا تحریری جواب جمع کرادیا ہے ۔ منگل کو الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں عائشہ گلالئی اپنے وکیل کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں اور جواب جمع کرایا۔عمران خان کے وکیل نے بھی عائشہ گلالئی کے خلاف تحریری دستاویزات جمع کرادیں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ریفرنس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی، سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عائشہ گلا لئی نے کہاکہ عمران نیازی کا تحریک انصاف سے تختہ الٹ گیا ہے اور اب ہم پرانے لوگوں کے ساتھ جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پرویزخٹک ایک ٹھیکیدار اورکرپٹ شخص ہے، اس کووزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنادیا گیا، آپ کوپی ٹی آئی میں اس وقت نظریاتی کارکن نظرنہیں آئے گا، پی ٹی آئی میں فردوس عاشق،فواد چودھری،علیم خان بابراعوان جیسے لوگوں نے قبضہ کررکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ جھوٹے،منافق،کردار سے عاری شخص کی وجہ سے تحریک انصاف بدنام ہورہی ہے،عمران خان خواتین کا استحصال کررہے ہیں آواز اٹھائی تومیرے خلاف ریفرنس دائرکردیا،نیازی صاحب کی زبان میں گالی اور کیچڑ ہے، کیا نیازی صاحب جیسا شخص کرپشن فری پاکستان بنائے گا۔ عائشہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر سنگین الزام عائد کیا کہ وہ منشیات کے عادی ہیں اورایسے شخص کو پاکستان سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی تو اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ ایسا قانون متعارف کرایا جائے کہ انتخاب میں حصہ لینے والے امید واروں اور سیاسی لیڈرشپ کے ڈوپ ٹیسٹ ہوسکیں تاکہ جذباتی طور پر غیر مستحکم شخص عوامی نمائندہ نہ بن سکے۔