بھارت کی آبی دہشت گردی نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا
شیئر کریں
بھارت نے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا، نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، چناب اور راوی میں بھی طغیانی ہے۔نالہ ڈیک میں اس وقت 32 ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے، سیلابی پانی دیہاتوں میں داخل ہو گیا، کسانوں کی ہزاروں ایکڑ فصل زیر آب آ گئی، گاؤں کھیرے میں سیلابی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا، پسرور انتظامیہ نے سیلابی الرٹ جاری کر دیا۔سیلابی پانی کی وجہ سے 10 دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، گاؤں رپووالی، سیداوالی، کھیرے تمبوہ سمیت 10 دیہات کو جانے والے راستے بند ہو گئے، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق نالہ ڈیک میں پانی گزرنے کی گنجائش 30 سے 35 ہزار کیوسک ہے، دیولی کے مقام پر حفاظتی بند نہ ہونے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی زیرآب آ چکی ہے، ریسکیو ٹیمیں پانی میں پھنسے کسانوں کو نکالنے میں مصروف ہیں، انتظامیہ کی طرف سے فلڈ ریلیف کیمپ لگا دیے گئے ہیں۔دوسری جانب دریائے چناب اور راوی میں طغیانی پیدا ہونے لگی، بھارت نے دریائے چناب میں سیلابی ریلا چھوڑ دیا، دریائے راوی میں گرنے والے اوج نالے میں بھی طغیانی آگئی، مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں 2 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا داخل ہو گیا، دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔وزارت آبی وسائل کے مطابق اوج نالے سے دریائے راوی سے 1 لاکھ 80 ہزار کیوسک کا ریلا داخل ہو گیا، سیلابی ریلا ابھی بھارتی علاقے میں موجود ہے، بھارت کسی بھی وقت سیلابی ریلا چھوڑ سکتا ہے، دریائے راوی اور چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔