بھارت فٹیف کوسیاست کاشکارکرکے اس کاکردارگھٹارہاہے ،پاکستان
شیئر کریں
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا بیان فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان مخالف منفی کردار پر ہمارے دیرینہ مؤقف کی تائید ہے، بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو عالمی برادری اور فیٹف کے نوٹس میں لایا جائیگا۔ اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے وزیر خارجہ کے بیان نے بھارت کے ‘حقیقی رنگ’ اور ‘گمراہ کن’ کردار کو بے نقاب کردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ عالمی برادری کو بھارت کے ایف اے ٹی ایف میں سیاست کرنے اور اس کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈالنے کے بارے میں بات کرتا رہا ہے، حالیہ بھارتی بیان پاکستان کے خلاف ایک اہم تکنیکی فورم کو استعمال کرنے کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جہاں ایکشن پلان پر عمل درآمد کے دوران پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مخلصانہ اور تعمیری طور پر مشغول رہا ہے وہیں بھارت نے مذموم اقدامات سے پاکستان کی پیش رفت پر شکوک و شبہات پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف اور بین الاقوامی برادری کے نوٹس میں حالیہ اعتراف لا کر عالمی برادری کے سامنے بھارت کے کردار کو اجاگر کرتا رہے گا۔مذکورہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس معاملے میںمناسب کارروائی کیلئے مالیاتی نگران ادارے سے رجوع کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔ بھارتی حکومت کے حالیہ اعتراف کے بعد بھارت کے مشترکہ گروپ کی شریک صدر کے طور پر ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا جائزہ لینے پر سوالات کھڑے کردئیے ہیں جس پر ہم ایف اے ٹی ایف کو غور کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انسداد منی لانڈرنگ/دہشت گردی کی مالی اعانت (اے ایم ایل / سی ایف ٹی) کا مقابلہ کرنے میں ‘پاکستان کی پیش رفت’ کا اعتراف ایف اے ٹی ایف نے کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، بھارت کا پاکستان پر دباؤ ڈالنے کا خیال ہمیشہ ہی ادھورا رہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اختیارات کے ذریعے ایف اے ٹی ایف کے عمل کو سیاسی بنانے سمیت خلفشار کے باوجود پاکستان اپنے لیے بین الاقوامی معیار پر اپنے اے ایم ایل/سی ایف ٹی کے نظام کو لانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کو پورا کرنے کے اپنے عہد کی توثیق کرتا ہے۔یاد رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل بھارت کے وزیر برائے امور خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں شامل رہے۔