میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نوازشریف جدہ نہیں اڈیالہ جیل جائینگے، خود استعفا دینگے یا انکو نکالا جائیگا، عمران خان

نوازشریف جدہ نہیں اڈیالہ جیل جائینگے، خود استعفا دینگے یا انکو نکالا جائیگا، عمران خان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف یا خود استعفیٰ دیں گے یا ان کو نکالا جائے گا اور اب ان کو جدہ نہیں بلکہ اڈیالہ جیل جانا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر پاکستانیوں کی جانیں ضائع ہورہی ہیں، لیکن افسوس نوازشریف نے سیالکوٹ میں بیٹھ کر ان واقعات کا ذکر تک نہیں کیا، کیوں کہ انہیں اور ان کی کابینہ کو اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، جبکہ کابینہ نوازشریف کی کرپشن چھپانے کے علاوہ کچھ نہیں کررہی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل سے قبل وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا اور سب کو پتا چل چکا ہے نوازشریف پکڑے گئے ہیں اور اب بھی وقت ہے وہ استعفیٰ دے دیں، جبکہ نوازشریف یا خود استعفیٰ دیں گے یا ان کو نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو نا اہل ہونا ہے اور اب جدہ نہیں بلکہ اڈیالہ جیل جانا ہے، جبکہ پورے شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے شریف فیملی کو صفائی کے لیے 5 مواقع دیے، لیکن افسوس انہوں نے ہر بار صرف جھوٹ بولا اور شریف خاندان صفائی پیش کرنے میں ناکام رہا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف نے ملک و قوم کی بے عزتی کروائی ہے، نوازشریف کو ڈٹ جانے کا مشورہ دینے والے ان کا سیاسی تابوت بنارہے ہیں، اگر ڈٹ گے تو کلیجہ بھی پھٹے گا سیاسی نیاز بھی بٹے گی اور آپ جیل بھی جائیں گے، جے آئی ٹی رپورٹ کیخلاف ابھی تک ایک دستاویز بھی نہیں دی گئی، نوازشریف کے پاس استعفیٰ دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے پاس اپنے دفاع کیلئے کوئی ثبوت نہیں جھوٹے بیانات اور اوچھے ہتھکنڈوں سے اقتدار کو نہیں بچایاجاسکتا، عدالت عظمیٰ کا انصاف پر مبنی فیصلہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور شفاف احتساب کی راہ ہموار کرے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے بدھ کو عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم ان کے بچوں اور وزراء سمیت رہنماؤں کے بیانات میں تضاد ہے، لیکن پھر بھی وکیل وزیر اعظم کو مظلوم و معصوم اور بھولابھالا پیش کررہے ہیں، تاہم ان کی تمام کوششیں دم توڑ دیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں