الطاف حسین کے کہنے پر 2کارکنوں کو قتل کیا گیا، مصطفی کمال
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے اتوار کو لندن میں الطاف حسین کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے کے کہنے پر اورنگی ٹاؤن میں ہمارے دوکارکنوں کو شہید کیا گیا ہے ۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن سے بھی رابطے میں ہیں۔ ان کو اس حوالے سے تمام شواہد فراہم کریں گے ۔موت اور زندگی الطاف حسین کے ہاتھ میں نہیں اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے جب تک ایم کیو ایم زندہ رہے گی اس شہر میں قتل و غارت جاری رہے گی۔جتنے بھی فاروق ستار آجائیں ایم کیو ایم ان کی نہیں ہو سکتی ہے۔ایم کیو ایم کسی بھی صورت میں ہو وہ الطاف حسین کی ہے ۔فاروق ستار بھی میرے ساتھیوں کی شہادت میں برابر کے شریک ہیں۔ آج بھی مئیر کراچی کمیشن اور رشوت لے کر الطاف حسین کو فنڈز بھیج رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار بدھ کو پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس احمد قائم خانی اور دیگر رہنمابھی موجود تھے ۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے کارکنان کسی شرابی کے لیے پیسہ جمع کرنے کے لیے یا را کے ہاتھوں پیسے لے کر کراچی میں آگ و خون کی ہولی کھیلنے کی راہ میں نہیں مارے گئے ہیں ۔ندیم مولانا اور راشد لال نے عوام کے مسائل حل کرنے کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔اگر یہ دونوں متحدہ قائد کیلئے مارے جاتے تو زندگی اور آخرت برباد ہو جاتی۔وہ کسی کو مارنے کی سیاست نہیں کررہے تھے۔ یہ بات حقیقت ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد کے کہنے پر ہمارے کارکنوں کو شہید کیا گیا ۔میرے پاس الطاف حسین کی ویڈیو اور آڈیو موجود ہیں جس میں وہ مارنے کا طریقہ ، کیسے مارنا ہے ، کس کس کی ٹیمیں بنانی ہیں یہ سب بتارہا ہے ۔موت اور زندگی الطاف حسین کے ہاتھ میں نہیں اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے ۔ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے جو مارنے والے ہیں وہ بھی مریں گے اور ان کی نعشوں کو کتے کھائیں گے۔ کارکنان جذباتی تھے اور بدلہ لینا چاہتے تھے، لیکن ہم کسی کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں دیں گے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ آخری ٹارگٹ کلنگ تھی، انہوںنے کہا کہ الطاف حسین سے زیادہ بزدل آدمی پیدا نہیں ہوا ہے اس کے تمام رشتے دار ملک سے باہر ہیں اس نے ساری پراپرٹی ملک سے باہر رکھی ہوئی ہے، آپ اسکی تقریر دیکھیں ، ایک بلب پھٹنے پر اسکا کیا حال ہوا ،ایسا بزدل شخص لوگوں کو مرنے اور مارنے کی ترغیب دے رہا ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ اس قتل و غارت گری سے الطاف حسین دوبارہ اٹھ کھڑا ہو گاتو یہ ان کی بھول ہے ۔متحدہ قائد کسی دن شراب کے نشے میں گندگی میں ختم ہو جائیں گے، کوئی نماز جنازہ پڑھانے والا نہیں ہوگا۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہم اپنی آخری سانسوں تک ظلم کے خلاف کھڑے رہیں گے۔