نوازشریف کی طبیعت ناساز، جیل میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں منسوخ
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جیل میں طبیعت بگڑنے کے باعث جمعرات کو ہفتہ وار ملاقات کا دن ہونے کے باوجود پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں منسوخ کردی گئی ہیں،(ن)لیگی رہنمائوں نے نواز شریف سے محدود پیمانے پر ملاقات کی اجازت کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا تاہم سرکاری حکام نے یہ درخواست مسترد کردی۔کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص ہے ، ہر ہفتے کی طرح اس جمعرات بھی ان کی اہل خانہ اور پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کا شیڈول تیار کرلیا گیا تھا۔سابق وزیراعظم نوازشریف نے متعدد پارٹی رہنمائوں کو ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کیلئے بلایا تھا تاہم جیل حکام کے مطابق نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ نوازشریف سے صرف اہل خانہ ملاقات کریں گے ،ذرائع کے مطابق نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کے باعث جیل کے ڈاکٹروں کی جانب سے نواز شریف کو کم گفتگو کا مشورہ دیا گیا ہے ۔دوسری جانب (ن)لیگی رہنمائوں نے نواز شریف سے محدود پیمانے پر ملاقات کی اجازت کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا تاہم سرکاری حکام نے یہ درخواست مسترد کردی۔مسلم لیگ(ن)کے رہنمائوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکمرانوں کے لیے جیل میں بھی قید نواز شریف بدستور خوف کی علامت بنا ہوا ہے ، سابق وزیراعظم کی جیل میں ہفتہ وار ملاقاتیں سیاست کا محور بنتی جارہی تھیں ،اس لیے ملاقاتیں منسوخ کی گئیں۔