میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تعلیمی اخراجات میں اپنے گھر والوں کا سہارا بنیں !

تعلیمی اخراجات میں اپنے گھر والوں کا سہارا بنیں !

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ اپریل ۲۰۲۳

شیئر کریں

راؤ محمد شاہد اقبال

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوجوان نہ صرف اپنے قبیلہ کی آنکھ کا تارا ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنے والدین کی تمام تر اُمیدوں کا مرکز و محور بھی ہوتے ہیں ۔اسی لیے ہمارے ہاں اکثر والدین کی شدید ترین خواہش ہوتی کہ وہ اپنی اولاد کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن سعی کریں اور عام طور یہ دیکھا بھی گیا ہے کہ اس سلسلے میں وہ اپنی استطاعت سے بھی کئی گنا بڑھ کر کوشش کرتے ہیں ۔لیکن دورِ جدید میں اعلیٰ تعلیم کا حصول بہرحال کوئی آسان یا سستا سودا نہیں ہے ۔اس لیے کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ والدین کو اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کی راہ میں شدید ترین مالی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑجاتا ہے۔اس لیے دورِ جدید کے حالات اور مسائل کو سمجھتے ہوئے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ بھی اپنی بھرپور ذمہ داری کا مظاہر ہ کریں اور اپنے والدین اور گھر والوں کی مالی و ذہنی مشکلات کا بروقت ادراک کرتے ہوئے انہیں ایک طاقتور سہارا مہیا کریں اور کوشش کریں اپنے تمام تر تعلیمی اخراجات کا بوجھ صرف اور صرف اپنے گھر والوں پر ڈالنے کے بجائے، اخراجات کا کچھ بوجھ خود بھی برداشت کرنے کی اچھی عادت کو اپنائیں ۔
نوجوان اگر ذرا سے غور و فکر اور تدبرسے کام لیں تو انہیںاپنے اردگر د عملی زندگی میں بہت سے ایسے کام نظر آجائیں گے، جنہیں اختیار کرنے سے نہ صرف انہیں اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے میں اچھی خاصی مدد میسر آسکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ عملی زندگی گزارنے کا ایک خوشگوار تجربہ بھی حاصل ہوسکے گا ۔یہاں ہم آپ کو اُن چند جز وقتی کاموں کے بارے میں بتاتے ہیں، جنہیں اختیار کرنے سے آپ کو ٹھیک ٹھاک مالی سہارا بھی مل جائے گا اور آپ کی تعلیم میں بھی کسی قسم کا کوئی ہرج واقع نہیں ہوگا۔مثال کے طور پر طلبا و طالبات کے لیے اپنے والدین کو تعلیمی اخراجات کے غیر ضروری دباؤ سے نکالنے کے لیئے ٹیوشن پڑھانے سے بہتر تو کوئی جزوقتی کام ہو ہی نہیں سکتا ۔ اپنے اضافی وقت میں ٹیو شن پڑھانے سے جہاں نوجوان اپنے لیے اضافی اخراجات کے لیے ٹھیک ٹھاک مالی رقم کا بندوبست کر سکتے ہیں وہیں ٹیوشن پڑھانے سے اپنی تعلیمی و ذہنی صلاحیتوں کی ازسرِنو تجدید بھی کرسکتے ہیں ۔اگر آپ کو گھر پر ٹیوشن دینے مسائل کا سامنا پڑ سکتا ہے تو پھر آپ اپنے شہر میں موجود کسی اچھے کوچنگ سینٹر کو بھی دو سے تین گھنٹے کے لیے اپنی خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔
نیز پاکستان کے کم و بیش تمام شہروں میں اس وقت پبلشنگ کا کام انتہائی عروج پر ہے ۔کل تک جن شہروں میں ایک بھی پرنٹنگ پریس نہیں ہوتا تھا، وہاں آج کئی کئی پرنٹنگ پریس کھل چکے ہیں ۔اگر آپ ان پرنٹنگ پریس یا پبلشرز سے رابطہ کریں تو ان کے پاس کمپیوٹر کتابت اور پروف ریڈنگ کا بہت سا کام ہر وقت موجود ہوتا ہے ۔جو وہ آپ کو انتہائی پرکشش قیمت پر کرنے کے لیے دے سکتے ہیں ۔میں نے کئی نوجوانوں کو دیکھا ہے کہ وہ شہر کے مختلف پرنٹنگ پریس اور پبلشرز کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہتے ہیں۔ جہاں سے اُنہیں کمپیوٹر کتابت اور پروف ریڈنگ کا کام فی صفحہ کے حساب سے انتہائی مناسب قیمت پر باآسانی مل جاتا ہے۔ جسے وہ اپنے فارغ وقت میں گھر بیٹھے مکمل کر کے دے دیتے ہیں اور اپنی رقم کھری کر لیتے ہیں ۔جبکہ ہم ہمیشہ پڑھتے اور سنتے آئے ہیںکہ محنت میں عظمت ہے اور کوئی کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا اگر آپ اس مقولہ پر یقین رکھتے ہیں تو پھر روز صبح سویرے اخبار تقسیم کرنے سے بھی آپ ٹھیک ٹھاک اضافی رقم کماسکتے ہیں ۔اس کام کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ صبح ہونے سے پہلے ہی عموماً اخبار تقسیم کے لیے ہر شہر میں موجود ہوتا اگر آپ صبح وقت پر بیدار ہوکر روز ایک دو گھنٹے اخبار تقسیم کردیں تو اس سے آپ نہ صرف آپ اچھی خاصی رقم روزانہ بنیادوں پر کما سکتے ہیں بلکہ سحر خیزی کی وجہ سے آپ کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
علاوہ ازیں پاکستان کی تقریباً تمام اہم ترین انشورنس کمپنیاں نوجوان طلبا ء و طالبات کے لیے ایسی خصوصی ملازمتیں فراہم کرتی ہیں جنہیں جوائن کر کے آپ کسی دفتر میں حاضری لگائے یا بغیر دفتری اُمور کی انجام دہی کے صرف انشورنس کمپنی کو اپنے دوستوں ،رشتہ دارغیرہ میںسے چند اچھے کلائنٹ فراہم کر کے انتہائی پرکشش ماہانہ تنخواہ کے حصول کو اپنے لیے یقینی بنا سکتے ہیں ۔ انشورنس کمپنیاں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر آپ کو تنخواہ کے علاوہ بھی بہت سی مزید پرکشش سہولیات و مراعات مہیا کرسکتی ہیں ۔لیکن کسی بھی انشورنس کمپنی کو جوائن کرنے سے پہلے ایک بات ضرور ذہن نشین رہے کہ صرف ناموراور برسہا برس سے کام کرنے والی انتہائی اچھی ساکھ اور شہرت کی حامل انشورنس کمپنی کا ہی انتخاب کریں کسی گمنام یا نئی انشورنس کمپنی میں قسمت آزمائی آپ کے لیے وقت کا زیاں اور دھوکہ دہی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔یقیناآپ کا روز مرہ کا مشاہدہ ہوگاکہ اکثر آپ کے دوستوں ،عزیزوں اور رشتہ داروں کو کرائے پر مکان یا دُکان ،یا پھر پلاٹ یا زمین وغیرہ کی تلاش رہتی ہی ہے ۔کیا ہی اچھا ہو کہ آپ شہر کی کسی اچھی اسٹیٹ ایجنسی کو جوائن کرلیں اور تھوڑا سا وقت نکال کر اپنے عزیزو اقارب وغیرہ کو مکان،دُکان ، پلاٹ یا زمین وغیرہ کی خریداری میں اپنی خدمات فراہم کریں ۔اس سے آپ کو جہاں اچھی خاصی رقم کمیشن کی مد میں ہر کامیاب سودے سے مل جائے گی وہیں آپ کے دوستوںکو آپ کی صورت میں ایک اچھا ،قابلِ اعتماد اور کاغذی کارروائی میں امداد کرنے والا پراپرٹی ایجنٹ بھی میسر آجائے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں