میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پر تشدد واقعات پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی ہے، بلاول بھٹو

پر تشدد واقعات پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک
منگل, ۲۰ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ تشدد کے واقعات پی ٹی آئی حکومت کی صورتحال سے پرامن طور پر نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے ہوئے، انسانی خون بہانا اور تشدد پر اکسانا کبھی بھی صورتحال کو بہتر نہیں کرسکتا۔ اپنے بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تشدد کے واقعات میں بشمول پولیس و شہری ضائع ہونے والی تمام جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ تشدد کے واقعات پی ٹی آئی حکومت کی صورتحال سے پرامن طور پر نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ انسانی خون بہانا اور تشدد پر اکسانا کبھی بھی صورتحال کو بہتر نہیں کرسکتا، تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے، اصل جنگ تو اس خراب ہوتی ہوئی صورتحال کی وجوہات کے خلاف جنگ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس سلیکٹڈ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا؟ یہ سلیکٹڈ حکومت ملک میں پیدا ہونے والے چیلنجوں کو پارلیمنٹ میں زیر بحث کیوں نہیں لائی؟ ضیا دور میں ایسے گروہوں کی سرپرستی کی گئی جن کا مقصد نسلی، مذہبی اور فرقہ وارانہ نفرتیں پھیلا کر قومی دھارے کی سیاسی پارٹیوں کو کمزور کرنا تھا۔ انہوںنے کہاکہ نسلی، مذہبی اور فرقہ وارانہ نفرتیں پھیلانے والے آمرانہ ہتھیار ابھی تک سیاسی پارٹیوں کو کمزور کرنے کے لئے بنائے جا رہے ہیں، پاکستان کے عوام کی جمہوری خواہشات کو دبانے کے لئے نئے نئے عفریت جنم دئیے جارہے ہیں، یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ہم یہ سمجھنے میں ناکام ہوگئے کہ جو مستقل آگ سے کھیلتا ہے وہ خود بھی جل جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی شروع ہی سے تشدد اور انتہاپسندی کے خلاف رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ انتہا پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے پی پی پی قیادت بشمو ل شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان کی قیمت ادا کی ہے، ماضی میں ’’سلیکٹڈ‘‘کو یہ اجازت دی گئی کہ وہ سرکاری املاک پر حملے اور قبضے کرکے حکومت کو یرغمال بنالے،آج بھی اسی سلیکٹڈ کے طریقہ کار کو دہرایا جا رہا ہے تاکہ نظام کو تباہ کیا جا سکے، عوام کی جانوں کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرنے میں بار بار ناکام ہوئی ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو فراہم کرنے کی حکومتی ناکامی کی وجہ سے ملک انارکی کا شکار ہوگیا ہے، آج عوام اور ریاست دونوں ناقابل تلافی نقصان کے خطرے کا شکار ہیں، کسی بھی صورتحال میں قانون کی عملداری قائم رہنی چاہیے، تمام معاملات تشدد کے بجائے آئینی طریقہ کار کے مطابق حل کئے جانے چاہئیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں