پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کا منصوبہ ناکام، خود کش بمبار سمیت پانچ دہشت گرد گرفتار
شیئر کریں
سی ٹی ڈی اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی میں دو خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ رینجرز کے کرنل شبیر بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب رینجرز اور سی ٹی ڈی کا آپریشن جامشورو میں مکمل ہوا۔ کالعدم تحریک طالبان کے دو خودکش بمبار سمیت پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔دہشت گردوں میں شیراز اکبرعرف حمزہ ولد شفیع اکبر، لیاقت علی عرف حذیفہ ولد سرزمین ،میرویس عرف شام عرف تندر ولد عبدالمنان ،عامرخان عرف عمر ولد فضل حق،نگارعلی عرف زید ولدمستونگ خان کوگرفتارکرلیا۔ گرفتار2 دہشت گرد عامرخان عرف عمراورنگارعلی عرف زید خودکش بمبارہیں۔ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیئے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں نے دوران تفتیش کئی کارروائیوں میں ملوث ہونے کااعتراف کیا جس میں 3 فروری 2018 میں کبل سوات میں پاک آرمی کے والی بال میچ کے دوران خود کش حملہ کیا جس میں ایک کیپٹن سمیت 11 جوان شہید ہوئے جبکہ 13 زخمی ہوئے ، 8 مئی 2019 کو لاہورمیں داتا دربار میں حملہ کیا جس میں 10 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے، فروری 2019 کو پشاور میں ججزکالونی میں خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی جس کوسیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا،اگست 2019 دیرمیں امن لشکرکے امیر ملک معتبرخان پر خود کش حملہ کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ،جون 2018 کو کارخانو مارکیٹ پشاورمیں عبدالرحیم آفریدی کی دکان پربھتہ نہ دینے پرآئی ای ڈی نصب کی جوپولیس نے ناکام بنادی،اپریل 2018 میں کچلاک بلوچستان میں آرمی اورایف سی کی گاڑیوں پر خود کش حملے جس میں 7 اہلکار شہید او 15 زخمی ہوئے تھے۔عمر شاہد کا کہنا تھا کہ ملزم کا پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد پر حملے کا منصوبہ تھا۔ پہلے خودکش حملہ اور پھر اندر داخل ہوکر دہشتگردی کرنی تھی۔ ملزمان طورخم کے راستے پاکستان آئے تھے۔ پولیس ٹریننگ سینٹر کی ریکی کی گئی، ریکی کی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔ملزمان سے پولیس کیپس بھی برآمد کی گئیں ہیں، ان کا منصوبہ تھا کہ فورس کی وردی میں کارروائی کی جائے۔گرفتاردہشت گردوں کے قبضے سے2 خودکش جیکٹس،ڈیٹونیٹرز،8 میٹرپرائماکارڈ،6 ہینڈ گرنیڈز،3 ایس ایم جیز،2 نائن ایم ایم پستول، 2 پولیس یونیفارم ،پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کا نقشہ ،موبائل فونزاورسی ڈیز برآمد کر لی گئیں۔