طالبان کا مذاکرات کے لیے افغان حکام کے ساتھ بیٹھنے سے انکار
شیئر کریں
افغانستان میں امن کی امریکی کوشش کو بڑا دھچکا پہنچا ہے ، امریکا، افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے آج (ہفتہ کو) شروع ہونے والے دوحا مذاکرات آخری لمحات پر منسوخ کردیے گئے ۔افغان میڈیا کا صدارتی حکام کے حوالے سے کہنا ہے کہ قطری حکومت نے افغان نمائندوں کی فہرست کو مسترد کر کے نئی فہرست بھیجی ہے جس میں افغانستان کے تمام شعبوں کی نمائندگی نہ ہونے پر افغان حکومت نے فہرست مسترد کردی۔افغان حکام کے مطابق قطری حکومت کا اقدام قابل قبول نہیں، قطر 250 افغان نمائندوں کو آنے کی اجازت دے ۔افغان صدارتی حکام کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کے مطالبات تسلیم نہ کرنے تک دوحا مذاکرات منسوخ کیے ہیں۔افغان طالبان اور افغان حکام پہلی بار ایک میز پر بیٹھنے جارہے تھے مگر افغانستان حکومت کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کرنے والے وفد کی فہرست میں 250افراد شامل کیے تھے ۔طالبان نے قطر میں مذاکرات کے لیے افغان حکومت کی طرف سے ملنے والی طویل فہرست کو تنقید کا نشانا بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کانفرنس ہے شادی کا ولیمہ نہیں ہورہا اور وفد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ساتھ بیٹھنے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ مذاکرات انیس سے اکیس اپریل تک قطر میں کیے جانے تھے جن میں افغانستان میں قیام امن سے متعلق امور پر بات کی جانی تھی۔