رفح ، خان یونس پر اسرائیل کے فضائی حملے، 22 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
شیئر کریں
اسرائیلی فوج نے رمضان المبارک میں بھی فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، رات گئے رفح اور خان یونس میں معصوم بچوں سمیت مزید 22 فلسطینی شہید کردئیے۔وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے رفح میں 2گھروں اور ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید ہوگئے۔جبالیہ میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک مکان پر گولہ باری کی ہے جس میں بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا، حملے کے نتیجے میں بہت سے دیگر لوگ زخمی بھی ہوئے۔غزہ کے طبی حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 31 ہزار 726 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 792 زخمی ہو چکے ہیں۔یونیسیف کیایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسلز نے کہا کہ بچوں کی اتنی بڑی تعداد میں اموات کی شرح کسی بھی تنازع یا جنگ میں نہیں دیکھی گئی ہے لیکن دنیا ان جرائم پر بالکل خاموش ہے ۔دنیا بھر میں فاقہ کشی کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے آئی پی سی نے غزہ میں قحط سالی کی سنگین صورت حال سے خبردار کردیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ کی 70 فیصد آبادی فاقہ کشی کا شکار ہے، غزہ کے شمالی حصے میں مئی تک مکمل قحط کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق وسط فروری سے اب تک غزہ کی 79 فیصد آبادی تباہ کن درجے کی بھوک کا شکار ہو چکی ہے، جولائی تک یہ شرح 92 فیصد تک پہنچ جائے گی۔