عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی
شیئر کریں
لاہور کے علاقے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد سے لاہور کے علاقے زمان پارک میں اپنے آبائی گھر میں رہائش پزیر ہیں۔ عمران خان کے گھر کے باہر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ہر وقت موجود رہتی ہے اور سکیورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی کو بھی اندر جانے نہیں دیا جاتا۔پی ٹی آئی کے ایک کارکن نے گھر کے اندر سے اجازت اور چیکنگ کے بغیر گاڑی اندر لے جانے کی کوشش کی تو وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے اسے روک دیا۔ موقع پرموجود پولیس افسرنے کلئیرنس تک بغیر نمبر پلیٹ گاڑی اندر جانے دینے سے انکار کردیا جس پر وہاں موجود پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہو گئے، انہوں نے پولیس سے تلخ کلامی شروع کر دی۔ پولیس نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی کو گھر کے اندر سے اجازت اورمکمل چیکنگ کے بغیر نہیں جانے دے سکتے۔ اسی دوران زمان پارک کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس افسران کو مارنے کی کوشش کی لیکن اس موقع پر وہاں موجود دیگر لوگوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔ عمران خان کی رہائش گاہ سے اجازت ملنے پر گاڑی کو اندر جانے دیا گیا۔