سسٹم مافیا نے کورنگی کی 8 ایکڑ زمین جعلسازی سے ہتھیا لی
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت)سسٹم مافیا کے زمینوں پر قبضوں کو روکنے میں کوئی قوت بھی موثر ثابت نہیںہو رہی۔ انور مجید کی زیر سرپرستی کام کرنے والا کورنگی کا قبضہ گروپ شکیل کرنالو (عرف پراڈو) کی سربراہی میں ہر قسم کی زمینوں کو ہتھیا رہا ہے۔ سسٹم مافیا کی تازہ واردات دیہہ دھہ ٹپو ابراہیم حیدری کورنگی میں سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق سروے نمبر 277اور 278 کی کل آٹھ ایکڑ زمین جو 1986 میںمحمد رفیق ولد بابو خان کے نام پر تیس سالہ لیز پر تھی اور جسے بعد میں 99سالہ لیز پر کرایا گیا تھا، اسے جعلی پاؤر اور سب پاؤر کے ذریعے ریکارڈ میں فروخت کردیا گیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق مذکورہ زمین جو محمد رفیق کے نام پر ہے، کی جعلی پاؤر آف اٹارنی کے ذریعے پہلے ریکارڈ میں تبدیلی کی گئی۔ یہ جعلی پاؤر آف اٹارنی شاہد گل آفریدی کے نام پر بنائی گئی۔ لطف کی بات یہ ہے کہ محمد رفیق ہی نہیں بلکہ پاؤر آف اٹارنی جن شاہد گل آفریدی کے نام پر بنائی گئی وہ دونوں ہی وفات پاچکے ہیں۔ مگر شاہد گل آفریدی کے کی نام پر بنائی گئی پاؤر آف اٹارنی کی ایک سب پاؤر لے کر شاہد گل آفریدی کے بیٹے عرفان شاہد مختیار کار آفس کورنگی سب ڈویژن کے روبرو پیش ہوئے اور یوں مذکورہ زمین کے تمام ریکارڈ کو تبدیل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نہ صرف مذکورہ آٹھ ایکڑ زمین کے ریکارڈ کو رفیق ولد بابو خان کے نام سے جعلی پاؤر اور سب پاؤر بنا کر تبدیل کردیا گیا بلکہ اس زمین پر قبضہ بھی کرلیاگیا۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع نے تصدیق کی کہ جعلسازی کا یہ سارا کام شکیل کرنالو (عرف پراڈو) کی سرپرستی میں سپروائزنگ تپیدار تعلقہ کورنگی نیاز جامڑو اور مختیار کار ابراہیم جونیجو نے سرانجام دیا۔ شکیل کرنالو، ریاض تنولی ، عزیز الحق ، نیاز جامڑواور ابراہیم جونیجو کا یہ گٹھ جوڑ کورنگی کی اکثر سرکاری اور نجی زمینوں کے ریکارڈ میں رد وبدل کرکے قبضوں میں ملوث ہے مگر انور مجید کی سرپرستی کے باعث سسٹم مافیا کے اس گٹھ جوڑ کو روکنے والا کوئی نہیں۔ یہاں تک کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اس کھیل پر پراسرار طور پر چپ سادھے ہیں۔