میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان فائرنگ کیس، ملزم نوید  نے جے آئی ٹی کو چیلنج کر دیا

عمران خان فائرنگ کیس، ملزم نوید نے جے آئی ٹی کو چیلنج کر دیا

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۰ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کیس کی جے آئی ٹی کو چیلنج کر دیا گیا۔ ملزم نوید نے اپنے وکیل میاں داد کی وساطت سے وزارت داخلہ میں درخواست دائر کر دی۔ نوید نے موقف اختیار کیا کہ وزیرآباد حملہ کیس کی جے آئی ٹی پہلے دن سے سیاسی بدنیتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جے آئی ٹی کے ممبران کے درمیان بدنیتی کی بنیاد پر اختلافات کی سرکاری خط وکتابت میں تصدیق ہو چکی ہے، جے آئی ٹی کے سربراہ نے مقدمے میں فرضی گواہ اور ملزم متعارف کروائے ہیں، درخواست گزار کے خلاف جھوٹے مقدمے میں جی آئی ٹی سربراہ نے خودساختہ ثبوت پیدا کیے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی سربراہ کے متعارف کروائے گئے گواہ/ملزمان جے آئی ٹی سے ملے ہوئے ہیں، ایک دوسرے پر سنگین الزامات کے بعد جے آئی ٹی سربراہ نے تفتیش ایک سول افسر کے سپرد کر دی ہے، قانون کے مطابق سول افسر دہشت گردی کے مقدمے کی تحقیقات کر ہی نہیں سکتا۔ درخواست کے مطابق عمران خان کی خوشنودی کے لیے جے آئی ٹی سربراہ غلام محمود ڈوگر اور سول افسر انور شاہ نے مقدمے میں جعلی گواہ اور ملزمان شامل کر لیے ہیں، جے آئی ٹی کے سربراہ اور سول افسر سائل کے آئینی و قانونی حقوق سلب کر رہے ہیں۔ نوید نے استدعا کی کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت وفاقی حکومت کو کسی بھی کیس کی تفتیش کسی بھی تفتیشی سے واپس لینے کا اختیار ہے، وفاقی حکومت موجودہ جے آئی ٹی سے کیس کی تفتیش فوری واپس لے، وزیر آباد کیس کی تفتیش ایماندار اور سیاسی وابستگی سے پاک پولیس افسران کے سپرد کی جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں