میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی پولیس کی ایچ ڈی اے آفس پر چڑھائی، نسلہ ٹاور کیس میں نامزدڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس گرفتار

کراچی پولیس کی ایچ ڈی اے آفس پر چڑھائی، نسلہ ٹاور کیس میں نامزدڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس گرفتار

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ جنوری ۲۰۲۲

شیئر کریں

(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) کراچی پولیس کے دو درجن سے زائد اہلکاروں کی حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی آفس پر چڑھائی، ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس واسا محمد وسیم شیخ گرفتار، کراچی منتقل، وسیم شیخ نسلہ ٹاور کیس میں فیروزآباد تھانے میں داخل ایف آئی آر میں نامزد تھا، وسیم شیخ کو کچھ عرصہ قبل قواعد و ضوابط کے برخلاف واسا میں مقرر کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے دو درجن سے زائد اہلکاروں نے ڈپٹی ڈائریکٹر اکاؤنٹس واسا محمد وسیم شیخ کو گرفتار کرنے کیلئے حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آفس پر چڑھائی کی، لیکن وسیم شیخ موجود نہیں تھے، جس کے بعد پولیس افسران ڈائریکٹر جنرل کے آفس پہنچ کر وسیم شیخ کی حوالگی کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آفس کی مداخلت کے بعد محمد وسیم شیخ کو قاسم آباد سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا، کراچی کے تھانہ گلستان جوہر اور تھانہ بریگیڈ کی دو درجن سے زائد سول کپڑوں اور وردیوں میں ملبوس اہلکاروں نے انسپکٹر احسان چنو اور انسپکٹر قربان عباسی کی سربراہی میں حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آفس پر چڑھائی کی، کراچی پولیس نے تھانہ جی آر میں انٹری بھی کروائی اور دوران کارروائی تھانہ جی آر کی پولیس بھی کراچی پولیس کے ساتھ تھی، پولیس نے کارروائی کے دوران کچھ عرصہ قبل ڈپٹی ڈائریکٹر واسا مقرر ہونے والے محمد وسیم شیخ کو قاسم آباد سے گرفتار کرکے تھانہ جی آر پر انٹری کراکے کراچی منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق محمد وسیم کراچی کے تھانہ فیروز آباد میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، سندھ مسلم کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماسٹر پلان ڈائریکٹر کے خلاف نسلہ ٹاور کیس میں داخل ایف آئی آر میں مطلوب تھا، محمد وسیم شیخ کو کچھ عرصہ قبل قواعد و ضوابط کی دھجیان اڑاتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ ایم پی ڈی کراچی سے تبادلہ کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر واسا حیدرآباد مقرر کیا گیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں