میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ ڈاک، سینئر پوسٹ ماسٹر غلام محمد سیال بلیک میلر بن گیا

محکمہ ڈاک، سینئر پوسٹ ماسٹر غلام محمد سیال بلیک میلر بن گیا

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۰ جنوری ۲۰۲۲

شیئر کریں

کراچی (رپورٹ: شعیب مختار ) محکمہ ڈاک کا سینئر پوسٹ ماسٹر غلام محمد سیال بلیک میلر بن گیا۔ فیڈرل بی ایریا ہیڈ پوسٹ آفس میں تعیناتی حاصل کرنے کے بعد ملازمین کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ مذکورہ پوسٹ آفس میں تعینات تمام تر عملے نے شکایتی مراسلہ بنام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز سینٹرل ڈویژن کراچی کو ارسال کر دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن سرکل کے پوسٹ ماسٹر جنرل بھوٹیو میگھوار کے حمایت یافتہ غلام محمد سیال نے پوسٹل لائف انشورنس سے من پسند ڈاکخانے میں اپنا تبادلہ کروانے کے بعد عملے کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے جس پر اسے محکمہ ڈاک کے تمام کرپٹ افسران کی حمایت حاصل ہے، اس ضمن فیڈرل بی ایریا ہیڈ پوسٹ آفس میں تعینات تمام تر ملازمین نے گریڈ 16 کے اس افسر کیخلاف شکایتی مراسلہ بنام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز سینٹرل ڈویژن کراچی کو ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ غلام محمد سیال نامی سینئر پوسٹ ماسٹر حال ہی میں پوسٹ آفس تعینات ہوا ہے جسے پوسٹ آفس کے کام سے متعلق قطعی کوئی تجربہ نہیں ہے، مذکورہ افسر نے ڈاکخانے کے عملے کو مختلف حربوں سے ذہنی اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ڈاک خانے کے عملے سے پیٹرول اور انکی چھٹیوں کی منظوری کے مد میں پیسے طلب کیے جا رہے ہیں، جبکہ لین دین پالیسی کا حصہ نہ بننے والوں کو مسلسل تبادلے کروانے اور انکے خلاف انتقامی کاروائیاں کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، ان تمام تر امور میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز سینٹرل ڈویژن کراچی شاہد رضا فاطمی انتہائی بے بس دکھائی دیتے ہیں، جو کراچی میٹروپولیٹن سرکل میں ایڈیشنل چارج پر تعینات پوسٹ ماسٹر جنرل بھوٹیو میگھوار کے مذکورہ افسر پر دست شفقت رکھنے پر اس کیخلاف کارروائی سے انکاری ہیں۔اطلاعات کے مطابق سینئر پوسٹ ماسٹر فیڈرل بی ایریا ہیڈ پوسٹ آفس اپنی فرمائش پر گریڈ 2 سے گریڈ 9 تک کے متعدد ملازمین کے ڈاکخانہ بدری اور سزاؤں کے طور پر دور دراز ڈاکخانوں میں تعیناتی کروانے میں بھی ملوث ہے، اس کی فرمائش پر غیرضروری طور پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز سینٹرل ڈویژن کراچی کے دفتر میں تعینات گریڈ 14 کے محنتی اور ایماندار افسر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ایڈمن جنید کا مدت ملازمت مکمل ہونے سے قبل ہی تبادلہ کر کے انکی جگہ جان محمد بروہی کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ افسر کی حمایت پر دو سال قبل گریڈ 9 میں کلرک کے عہدوں پر ترقی پانے والے پوسٹ مین جن میں تنویر عالم اور نویداللہ خان شامل ہیں کو دور دراز ڈاکخانوں میں کلرک کے بجائے پوسٹ ماسٹر لگا دیا گیا ہے جس پر آج بھی محکمے پر کئی سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں ۔واضح رہے غلام محمد سیال بحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر پوسٹل لائف انشورنس متعدد بدسلوکی، ہراسگی اور مبینہ کرپشن کے کیسز میں بھی ملوث ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں