سندھ بلڈنگ ،ڈی جی عبدالرشید سولنگی مدت ملازمت ختم ہونے پر پریشان
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں تعینات ڈائریکٹر جنرل عبد الرشید سولنگی اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کی فکر میں مبتلا ہیں جبکہ کینیڈین شہریت کے حامل ڈائریکٹر ڈیمالیشن سجاد خان نے ضلع وسطی کو کینیڈا بنانے کی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔ خطیر رقوم بٹورنے کے بعد کمزور بنیادوں پر بلند عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ دھڑلے سے شروع کروا رکھا ہے ۔ملکی محصولات کو نقصان پہنچا کر غیر قانونی امور سے حاصل کی جانے والی رقوم کے بیرون ملک منتقلی کے بھی شواہد ملے ہیں ۔کینیڈین سسٹم کے تحت شہر بھر میں بیٹر مافیا ناجائز بلند عمارتیں تعمیر کروانے میں سرگرم ہے جو پیسوں کے لین دین کے معاملات طے کروا کر بغیر نقشے اور منظوری غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ اور انہدامی کارروائی سے محفوظ رکھنے کی ضمانت دلواتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ شہر بھر میں کمزور عمارتیں پروان چڑھتی دکھائی دیتی ہیں۔تحقیقاتی اداروں کی چشم پوشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد نمبر 1میں بیٹر غضنفر غیر قانونی امور کی سرپرستی میں گزشتہ کئی سالوں سے آزاد ہے اس وقت بھی کینیڈین شہریت کے حامل سجاد خان سے گٹھ جوڑ کے بعد ناظم آباد میں ناجائز تعمیرات کی مکمل چھوٹ حاصل کر رکھی ہے۔ جس کا بآسانی اندازہ ناظم آباد نمبر 1بلاک A میں پلاٹ نمبر 2/1اور 7/7پر بغیر نقشوں اور منظوری کے انہدامی کارروائی نہ ہونے کی گارنٹی کے ساتھ جاری ناجائز تعمیرات سے لگایا جا سکتا ہے ۔خطیر رقم بٹورنے کے بعد ڈی ڈی ذیشان مرتضی بلڈنگ انسپکٹر اطہر جاکھرو جاری تعمیرات کی حفاظت پر مامور ہیں۔ واضح رہے کہ بغیر نقشے سے بننے والی بلند عمارتوں کی تعمیر سے سیوریج اور پارکنگ کے بنیادی مسائل اجاگر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔