آصفہ بھٹو زرداری کو 'یوتھ ونگ کی چیئرپرسن بنانے کا فیصلہ
شیئر کریں
پاکستان پیپلزپارٹی نے آصفہ بھٹو زردای کو یوتھ ونگ کی چیئرپرسن بنانے کا فیصلہ کرلیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری پہلے ہی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان جلسے میں باقاعدہ طور پر پہلی شرکت کرکے اپنی سیاسی صلاحیتوں کو مظاہرہ کرچکی ہیں۔خیال رہے کہ 30 نومبر کو ملتان میں اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے تھے اور ان کی جگہ ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے شرکت کی تھی اور باقاعدہ طور پر سیاست کے عملی میدان میں قدم رکھا تھا۔آصفہ بھٹو نے نہ صرف جلسے میں شرکت کی تھی بلکہ اس دوران تقریر میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا تھا، یہی نہیں بلکہ ان کے لباس، ان کے انداز خطابت اور سوشل میڈیا پر شیئر تصاویر کو کئی لوگوں نے بینظیر بھٹو کے مشابہہ قرار دیا تھا۔پی پی پی عہدیدار نے کہا کہ انہیں پیپلزیوتھ آرگنائزیشن میں مزید متحرک کردار کے لیے تیار کیا جارہا ہے ۔عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری مرحوم جہانگیر بدر کے بیٹے علی بدر، سابق وفاقی وزیر مرحوم احمد مختیار کے بیٹے کو بھی آنے والے مہینوں میں یوتھ ونگ میں اہم ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں،اسی طرح سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا چیپٹرز میں نئے چہرے متعارف کروائے جارہے ہیں۔