آصف زرداری کی گرفتاری پر احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ، ذرائع
شیئر کریں
پیپلزپارٹی نے آصف علی زرداری کی گرفتاری کی صورت میں احتجاج کی حکمت عملی طے کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ پیپلزپارٹی کے ایک اہم مشاورتی اجلاس میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کی صورت میں ممکنہ احتجاج کی صورتوں پر غور کیا گیا۔ اس ضمن میں حتمی طور پر یہ طے کرلیا گیا ہے کہ آصف زرداری کی صورت میں حکومت کو ایک مشکل وقت دیا جائے گا اور ملک بھر میں احتجاجی تحریک کو چلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے پر بھی غور کیا۔ تاہم یہ معاملہ حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں سے مشاورت کے لیے چھوڑ دیا گیا۔ تاہم حکومت کے خلاف تحریک لانے پر غور کے لیے اس معاملے کو سی ای سی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو کو بھی میدان میں اتارنے کی دلچسپ تجویز زیر غور ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صنم اس وقت پاکستان میں موجود ہیں، صنم بھٹو آصف زرداری کی گرفتاری کی صورت میں احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گی۔