میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ مکمل
شیئر کریں
میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کرلی، جس کے بعد جے آئی ٹی کے ارکان درجنوں ڈبوں میں موجود دستاویزی شواہد اوررپورٹس کے ہمراہ کراچی اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ 6رکنی جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ احسان صادق کررہے تھے جب کہ دیگر اراکین میں کمشنر انکم ٹیکس عمران لطیف منہاس، جوائنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک ماجد حسین، ڈائریکٹرنیب نعمان اسلم اور ایس ای سی پی کے ڈائریکٹر محمد افضل اور آئی ایس آئی میں تعینات بریگیڈیئرشاہد پرویز شامل ہیں۔
ایف آئی اے نے جولائی میں اومنی اور زرداری گروپ کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا، 29 بے نامی کمپنیوں کے اکاونٹس میں 35 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کے شواہد ملے تھے جبکہ کمپنی کے مالکان اومنی گروپ میں نچلے درجے کے ملازمین اور کمپنیوں کے وجود سے لاعلم تھے۔دوسری جانب جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری کی درخواست پرایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نجف مرزا کو شامل نہ کرنیکی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے وسائل اور زندگی کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر پاناما کی طرزپرجے آئی ٹی بنانے کی درخواست کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے 6 ستمبرکو جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دی تھی۔