قومی سلامتی کمیٹی نے بیت المقدس پر ٹرمپ کا اعلان مسترد کردیا
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورورپورٹ)قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے، ساتھ ہی کوئٹہ میں چرچ پر حملے کی مذمت بھی کی ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے سربراہان، وزیرداخلہ احسن اقبال، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔قومی سلامتی کے اجلاس میں استنبول میں ہونے والے او آئی سی سربراہ اجلاس پر سیکریٹری خارجہ نے بریفنگ دی جس پر شرکاء کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے معاملے پر مسلم امہ کو تشویش ہے اور ٹرمپ انتظامیہ کا یک طرفہ فیصلہ پاکستان کو قبول نہیں، امریکی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اقدامات کرے۔دوسری جانب قومی سلامتی کمیٹی نے کوئٹہ چرچ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چرچ پردہشت گرد حملہ اسلام کی پرامن تعلیمات کے منافی ہے، سیکریٹری داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں موثر پیش رفت ہوئی ہے۔