بندر کی بلا طو یلے کے سر‘پٹھان کوٹ حملے میں مسعود اظہر پر فرد جرم عاید
شیئر کریں
چارج شیٹ میں حملہ آوروں کے ڈی این اے نمونے، ایئربیس کے نزدیک جنگلات سے ملنے والے پاکستانی کھانوں کے پیکٹس مضحکہ خیز طور پر ثبوت قرار
ٹرائل کورٹ میں پیش کی جانے والی یہ چارج شیٹ اور شواہد پاکستانی حکام کو فراہم کیے جائیں گے،مسعود اظہر کو پاکستان کے حوالے کیاجائے،بھارتی حکام کا مطالبہ
ابو محمد
بھارت نے جیشِ محمد اور اس کے سربراہ مولانا مسعود اظہر پر رواں برس جنوری میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی فرد جرم عائد کردی جسکے ثبوت کے طور پر حملہ آوروں کے کھانے کے پیکٹ اور انکے ڈی این اے رپورٹس کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔تجزیہ کار اس چارج شیٹ اور حملہ آوروں کی ”معصومیت پر حیران ہیں کہ انہیںپاکستانی ’برانڈڈ‘ کھانے لانے کی ضرورت پیش کیوں آئی جبکہ یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ کیا ڈی این اے رپورٹ کے ذریعے یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ وہ شخص کس ملک سے آیاتھا جب تک اسکے رشتے داروں کا بھی ڈی این اے نہ لیا جائے ؟کیا حملہ آوروں کے رشتہ داراگر پاکستانی ہیں تو وہ بھارت کی رسائی میں ہیں؟
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے الزام عائد کیا ہے کہ 2 جنوری کو ایئر بیس میں داخل ہونے والے چاروں مسلح افراد ’پاکستانی ‘ تھے جبکہ جیشِ محمد کے رہنما مسعود اظہر اس حملے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔
بھارتی ٹرائل کورٹ میں پیش کی جانے والی چارج شیٹ میں 18 گھنٹے طویل اس حملے اور ایئربیس پر دہشت گردوں کے قبضے سے متعلق تمام تفتیش شامل ہے۔
چار حملہ آور پٹھان کوٹ کے ہوائی اڈے پر دھاوا بولنے کے بعد اٹھارہ گھنٹے تک بھارتی سکیورٹی فورسز کا مقابلہ کرتے رہے تھے۔اس حملے میں سات بھارتی سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے تھے۔
اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اس سال جنوری میں انڈین ایئر فورس کے پٹھان کوٹ میں واقع اڈے پر عسکریت پسندوں کا حملہ بھارت کے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں شدید کشیدگی کی وجہ بنا تھا اور اسی حملے کے نتیجے میں دونوں ہمسایہ لیکن حریف ایٹمی طاقتوں کے باہمی تعلقات میں تعطل اور کشیدگی پیدا ہو گئے تھے، جو ابھی تک جاری ہیں۔
یہ حملہ گزشتہ سال بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی وزیراعظم نواز شریف کی نواسی کی شادی کے موقع پر ’اچانک‘ لاہور آمد کے ایک ہفتے بعد کیا گیا تھا ۔اس حملے سے متعلق دونوں ممالک کی مشترکہ تحقیقات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکیں اور رواں سال کے دوران سرحدی جھڑپوں اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے احتجاج نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید کشیدہ کردیا۔
نئی دہلی کے تفتیش کاروں کے مطابق ٹرائل کورٹ میں پیش کی جانے والی یہ چارج شیٹ اور شواہد پاکستانی حکام کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔بھارتی وزارتِ داخلہ کے سینئر افسر کا کہنا تھا’ ’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان مولانا مسعود اظہر کو گرفتار کرے اور انھیں انڈیا کے حوالے کردیا جائے“۔
چارج شیٹ میں حملہ آوروں کے ڈی این اے نمونے، ایئربیس کے نزدیک جنگلات سے ملنے والے پاکستانی کھانوں کے پیکٹس، واکی ٹاکی سیٹ اور دہشت گردوں کی گاڑی میں موجود ایک پیغام کا حوالہ پیش کیا گیا ہے۔
بھارت کے مطابق ”وہ جیشِ محمد کے اس حملے میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت پاکستان کو فراہم کرچکا ہے جس میں خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے محدود کی جانے والی ٹیلی فون کالز کے شواہد بھی شامل ہیں۔پاکستان نے پٹھان کوٹ حملے کے بعد جیش محمد کے سربراہ مسعوداظہر کو تحویل میں لے لیا تھا۔
یاد رہے کہ مسعود اظہر کو 2001 میں بھارتی پارلیمنٹ پر ہونے والے حملوں کا ملزم بھی قرار دیا جاتا تھا، تاہم تفتیش کار مسعود اظہر یا ان کی جماعت کے خلاف کوئی شواہد تلاش نہیں کرپائے۔اس سے قبل مسعود اظہر کو 1999ءمیں ہائی جیک کیے جانے والے انڈین ایئر لائنز کے ایک طیارے کے مسافروں کے بدلے ایک بھارتی جیل سے رہا کروایا گیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق پاکستانی حکام نے ممبئی میں 2008 کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسعود اظہر کو گرفتار کر لیا تھا لیکن بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔
اے ایف پی نے لکھا ہے کہ بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی طرف سے گزشتہ روز مولانا مسعود اظہر پر باقاعدہ طور پر پٹھان کوٹ حملے کا مرکزی ملزم ہونے کا الزام عائد کر دیا گیا۔ این آئی اے نے مسعود اظہر کے علاوہ ان کے بھائی رو¿ف اصغر اور جیش محمد کے دو دیگر ارکان کو بھی ملزم نامزد کرتے ہوئے ان پر باقاعدہ الزامات عائد کر دیے ہیں۔
این آئی اے کے تفتیشی ماہرین کادعوی ہے کہ مسعود اظہر کے بھائی رو¿ف اصغر نے پٹھان کوٹ حملے کے بعد پوسٹ کیے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اس حملے کی ذمے داری قبول کر لی تھی۔ این آئی اے نے اپنے نئے بیان میں کہا ہے کہ دو جنوری کو کیے گئے اس حملے میں شریک چاروں ’پاکستانی عسکریت پسند‘ مارے گئے تھے۔ جبکہ حملے کے بعد بھارتی حکام نے حملہ آوروں کی مجموعی تعداد چھ بتائی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستانی حکام نے بھی الزامات کے بعد مسعوداظہر کے خلاف اس واقعے کی تحقیقات کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انھیں مسعود اظہر یا جیش محمد کے اس حملے میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے اور نہ انھیں ایسا کوئی ٹھوس ثبوت بھارت کی جانب فراہم کیا گیا ہے۔