بابے سیاستدان مسجدجائیں، دعائیں کریں، بلاول بھٹو کی نواز شریف پر یلغار
شیئر کریں
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جسے مسلط کیا گیا اس نے یوٹرن لینا سکھایا، میری مخالف مہنگائی، غربت ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے، اگلا ورکرز کنونشن دیر، چترال میں ہوگا، ہم نوشہرہ میں بھی جائیں گے، 27 نومبر کو فاؤنڈیشن ڈے بلوچستان کے بھائیوں کے ساتھ منایا جائے گا۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں ہمیں عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملے، ہم عوام کو مہنگائی کے سونامی سے بچائیں گے، جو اپنے آپ کو تبدیلی کا نمائندہ کہلواتے تھے انہوں نے تباہی کی، ووٹ کو عزت دو، گورننس، ڈیلیور کرنے والوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وہ نہ ووٹ کی عزت، نہ گورننس کرنا جانتے ہیں وہ تو مہنگائی لیگ بن چکے ہیں، اب جیالوں نے ذمہ داری سنبھالنی ہے، جیالوں کے پاس تمام مسائل کا حل موجود ہے، پیپلزپارٹی کی تاریخ ہے ہر دور حکومت میں غریب کو روزگار دیا، یہ سولہ ماہ کی حکومت کا ذکر کرتے ہیں، میں اپنی سولہ ماہ کی کارکردگی پر فخر کرتا ہوں اورالیکشن لڑنے کو تیار ہوں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ سولہ ماہ کی حکومت میں تاریخی سیلاب کا سامنا کیا، سیلاب متاثرین سے گھر بنا کر دینے کا وعدہ کیا تھا، چند ماہ میں بیس لاکھ گھر بنانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، وقت کم تھا لیکن16ماہ حکومت میں دن رات محنت کی، فخرسے کہہ سکتا ہوں بطور وزیرخارجہ نوجوانوں کی نمائندگی کی، پاکستان کے تمام مسائل وزیرخارجہ حل نہیں کرسکتا۔چیئرمین پی پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے اب جیالا وزیراعظم بنانا پڑے گا، جب جیالا وزیراعظم، وزیراعلیٰ ہوگا پھر صحیح طریقے سے خدمت کر سکوں گا، ہمارے اوران کے نظریئے میں فرق ہے، وہ حکومت میں آکر صرف اشرافیہ کو فائدہ پہنچاتے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت پسماندہ طبقات کی نمائندگی کرتی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے میدان میں موجود ہیں، ہم ہر کسی کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، ہم تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے، کسی ’آئی جے آئی‘ کا حصہ نہیں بنیں گے، عوام پرانی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں، یہ میرا نہیں 70فیصد نوجوانوں کا مطالبہ ہے ستر سالہ سیاست دان گھر، مساجد میں بیٹھ کرملک کے لئے دعا کریں۔