این ایف سی ایوارڈ ، وفاق نے سندھ حکومت کو جاری رقم میں کٹوتی کردی
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)وفاقی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ اور رائلٹی کی مد میں 4 ماہ کے دوران حکومت سندھ کی 247 ارب روپے کی رقم سے 68 ارب روپے کٹوتی کردی ہے،حکومت سندھ کو آکٹرائے اور ضلع ٹیکس کی مد میں 2 کروڑ روپے جاری کیئے گئے ہیں۔ جراٗت کو موصول ہونے دستاویز کے مطابق رواں برس آکتوبر میں حکومت سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 56 ارب 64 کروڑ روپے جاری ہونے تھے لیکن 4 ارب 52 کروڑ روپے روک دیئے ہیں اور حکومت سندھ کو 52 ارب روپے جاری کیئے گئے ہیں، جولائی میں 20 ارب کم ادا کیئے گئے اور 34 ارب 87 کروڑ دیئے گئے، ستمبر 2020 میں 17 ارب روپے کٹوتی کی گئی اور 49 ارب روپے حکومت سندھ کو جاری ہوئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے آکتوبر میں انکم ٹیکس کی مد میں 23 ارب روپے ادا کرنے تھے لیکن 6 ارب کمی کے بعد 17 ارب فراہم کیئے ہیں، حکومت سندھ کو سیلز ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے کا اضافہ کرکے 23ارب روپے جاری کیئے گئے ہیں، سینٹرل ایکسائیز کی رقم 3 ارب 98کروڑ میں سے3ارب اور کسٹم ڈیوٹی کی رقم میں ایک ارب روپے کا اضافہ کرکے 8ارب روپے حکومت سندھ کے اکائونٹ میں منتقل کیئے گئے ہیں، حکومت سندھ کو قدرتی گیس کی رائلٹی کی مد میں 2 ارب 56 کروڑ روپے دینے تھے لیکن وفاقی حکومت نے 2 ارب روپے روک دیئے اورصرف 54 کروڑ حکومت سندھ کو فراہم کیئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے این ایف سی اور وسائل پر رائلٹی کی مد میں حکومت سندھ کی مجموئی رقم میں سے 27فیصد کٹوتی کی ہے، این ایف سی میں 24 فیصد، رائلٹی کی مد میں 53 فیصدکٹوتی کی گئی ہے۔