نیب کاعشرت العباد کے پرنسپل سیکریٹری کے گرد گھیرا
شیئر کریں
نیب میں سابق گورنر سندھ عشرت العباد کے پرنسپل سیکریٹری ممتاز الرحمان کے خلاف انکوائری آخری مرحلے میں پہنچ گئی، بینک اکائونٹس کا پتہ لگا لیا گیا،23 اکائونٹس کے ذریعے بھاری رقوم کی منتقلی، نجی بینکوں کو اکائونٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے خطوط جاری ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد کے دور کے پرنسپل سیکریٹری ممتاز الرحمان کے خلاف کرپشن کی انکوائری تیز کرتے ہوئے الائیڈ بینک لمیٹڈ کو لیٹر ارسال کرکے ہدایت کی ہے کہ ممتاز الرحمان کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، اس لیے سابق پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ کے بینک اکائونٹس کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، سابق پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ ممتاز الرحمان نے کیش رقوم کی منتقلی کے لئے بینک الحبیب لمیٹڈمیں ایک بینک اکائونٹ، فیصل بینک لمیٹڈ میں 2 بینک اکائونٹس، حبیب بینک لمیٹڈ میں 4 اکائونٹس، نیشنل بینک اکائونٹس میں 5 اکائونٹس ، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک میں 10 اکائونٹس اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یوبی ایل )میں ایک بینک اکائونٹ کا استعمال کیا ہے، تمام بینکوں کے ہیڈ آفس کو قومی احتساب بیو رو (نیب) نے لیٹر ارسال کرکے ہدایت کی ہے کہ بینکوں کی جانب سے اکائونٹس کی معلومات فراہم نہ کرنے کے باعث سابق پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ ممتاز الرحمان کے خلاف انکوائری میں تاخیر ہور ہی ہے، اس لیے جلد سے جلد بینک اکائونٹس اور رقوم کی منتقلی کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق ممتاز الرحمان سال 2012ء میں گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری تعینات رہے۔